شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی آج منائی جائے گی

    شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی آج منائی جائے گی

  

لاہور،کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی آج منائی جائے گی۔کرونا وائرس کی وجہ سے صدر پی پی پی پنجاب قمر زمان کائرہ نے بھٹو کی برسی گھروں میں رہ کر منانے کی ہدایت کردی ہے اور کہا ہے کہ کرونا کی وباء کی وجہ سے برسی کیلئے کوئی اجتماع نہ کیا جائے کارکن اپنے گھروں میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کریں،بھٹو شہید کے ایصال ثواب کیلئے مستحقین میں کھانا تقسیم کریں۔، قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ کارکن جیسے اپنے خاندان کے مرحوم افراد کے لئے ختم شریف کرتے ہیں ایسا ہی آج 4 اپریل کو کریں،روٹی کپڑا اور مکان مستحقین کو فراہم کرنا ہی بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا ہے کہ قوم کو کورونا وائرس کے بڑہتے ہوئے بحران کا مقابلہ کرنے اور اپنے لوگوں کو اس منڈلاتی ہوئی بربادی سے بچانے کے لیئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کی پیروی کرنے کی ضرورت ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 41 ویں یوم شہادت کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حقیقی رہنما قوموں کی تقدیر بدل دیتے ہیں اور وہ بحرانوں کے دوران بڑے عزم اور ویژن کے ساتھ رہنمائی کرتے ہیں۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد، پاکستان کی ہزاروں میل زمین دشمن کے قبضے میں چلی گئی تھی اور ہمارے 90 ہزار فوجی جنگی قیدی بن چکے تھے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے نہ صرف ہماری سرزمین اور سپاہی واپس لئے، بلکہ ہمارے جوہری پروگرام کی بنیاد رکھ کر اس بات کو یقینی بنایا کہ پھر کبھی ہماری خودمختاری اڑوس پڑوس کے رحم و کرم پر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ آدھے سے زیادہ ملک گنوانے کے نتیجے میں ہونے والی معاشی تباہی سے نمٹنے کے لیئے پاکستان اسٹیل ملز، پورٹ قاسم، ہیوی میکینیکل کمپلیکس، پاکستان مشین ٹول فیکٹری وغیرہ جیسے بڑے معاشی و صنعتی منصوبے تشکیل دیئے گئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اِس کڑے وقت میں پاکستان کے عوام ایک نئے ذوالفقار علی بھٹو کی تلاش میں ہیں، جو ہمیں آپسی اختلافات کے باوجود متحرک کرے اور ایک ایسا لیڈر جو ہمیں اس وبا سے نکالنے کے لئے روشنی کا مینار بن کر قیادت کرے۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستانی عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریں گے بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور وہ تمام لوگ جو شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے مساوات، یکساں مواقع اور قربانی کے پیغام پر یقین رکھتے ہیں، وہ کسی قسم کے بھی بحران میں پاکستانی عوام کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے اجداد کی میراث کو جاری رکھیں گے اور ہر قیمت پر اپنی عوام اور ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔)سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے 41 سال گذرنے کے باوجود شہید قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو عوام کے دلوں پر حکمرانی کر رہے ہیں جبکہ ان کے قاتل تاریخ کے مجرموں کے کٹہڑے میں کھڑے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے 41 ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں سابق صدر نے کہا کہ قائد عوام شہید نے صدیوں سے استحصال کے شکار عوام کو شعور دیکر استحصالی قوتوں کو شکست دی تھی، شہید بھٹو نے سیاست کو خلق خدا کے قدموں میں لا کر کھڑا کیا،سابق صدر نے کہا ہم نے بھٹو شہید کے اس فرمان کو مشعل راہ بنایا کہ سیاسی جنت عوام کے قدموں میں ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، سابق صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے عوام کی حکمرانی کے اصول پر نہ کبھی سمجھوتہ کیا نہ ہی کرینگے۔ انہوں نے کہا شہید قائد عوام کے منشور پر عمل کرنے سے ملک کو جہالت کے اندھیرے سے نکال کر ترقی اور روشنی کی منزلیں طے کریں گے۔

آصف زرداری

بلاول بھٹو

قمر زمان کائرہ

مزید :

صفحہ اول -