برطانیہ، زیادہ گھروں کے ہزاروں مالکان کی مفت رہائش کی پیشکش

  برطانیہ، زیادہ گھروں کے ہزاروں مالکان کی مفت رہائش کی پیشکش

  

لندن (اے پی پی) برطانیہ میں ضرورت سے زیادہ گھروں کے ہزاروں مالکان نے محکمہ صحت کے ملازمین کو مفت رہائش فراہم کرنے کی پیشکش کر دی۔ برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت کے کچھ ملازمین کو ممکنہ طور پر کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر جبری رخصت پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ کرائے پر رہنے والے بعض ملازمین کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہ پر مالکان کی طرف سے مکان خالی کرنے کا کہا جا رہا ہے جس نے اس مشکل وقت میں ان کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

بعض ملازمین کو اپنے خاندانوں کے ساتھ رہنے کی بجائے آئیسولیشن میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جس سے ان کے لئے رہائش کے مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔ ضرورت سے زیادہ گھر رکھنے والوں نے محکمہ صحت کے ایسے رہائشی مسائل سے دوچار ملازمین کو اپنے گھروں میں مفت رہائش فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔

اور ایسے گھروں کے چار سو کمروں کی محکمہ صحت میں رجسٹریشن کرائی جا چکی ہے۔ علاوہ ازیں بعض مالکان نے محکمہ صحت کے رہائش کے مسائل سے دوچار ملازمیں کے لئے کرائے انتہائی کم کردیئے ہیں جو پانچ پاؤنڈ فی ہفتہ تک ہیں۔ ایک اور ویب سائٹ پر ایسے ایک لاکھ ملازمین کے لئے رہائشی سہولیات کی پیشکش کی گئی ہے۔برطانیہ کے ڈائریکٹر آف پبلک پالیسی پیٹرک روبنسن نے گھروں کے مالکان کے اس جذبہ کی تعریف کی ہے۔

مزید :

عالمی منظر -