لاک ڈاؤن متاثرین کو مالی مشکلات سے نکالنا حکومت‘ اپوزیشن کی ذمہ داری‘ خاور علی شاہ
کبیروالا (تحصیل رپورٹر) کرونا وائرس کے خلاف حکومتی اقدامات پر اپوزیشن کی تنقید مناسب نہیں ہے،کرونا سے بچاؤ اور لاک ڈاؤن سے متاثرین کو مالی مشکلات سے نکالنا حکومت اور اپوزیشن سمیت سب کی ذمہ داری ہے،کرونا وائرس کے نتیجے میں پیدا شدہ (بقیہ نمبر43صفحہ7پر)
حالات سے گھبرانے کی بجائے متحد اور منظم قوم بنکر نمٹنے کی ضرورت ہے،کرونا وائرس سے شہریوں کو محفوظ بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور مشکلات میں گھیرے عوام کو ”ریلیف“ فراہم کرنے میں ادا کرنے والے حکومتی نمائندگان،انتظامی افسران،پاک فوج کے جوان،محکمہ صحت اور مال کے میڈیکل سٹاف،افسران اور پٹواریان ”قومی ہیروز“ ہیں،پوری پاکستانی قوم ان کی قابل ستائش خدمات اور کاوشوں کو سیلوٹ پیش کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار قائد سید گروپ اور ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید خاور علی شاہ نے اپنی رہائشگاہ پر موجود عمائدین سے ملاقات کرنے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے حکومتی اقدامات اور سفارشات پر عمل درآمد کرانے سمیت دیگر امور کی انجام دہی میں منتخب عوامی نمائندگان،انتظامیہ اور دیگر محکمہ جات کے درمیان مکمل روابط اور ہم آہنگی موجود ہے اور عوام کی فلاح وبہبود کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات اور اقدامات کی مانیٹرنگ کا موثر نظام کام کررہا ہے۔اس موقع پر مرزا فقیر حسین،چوہدری اسلم شاہد،حفیظ سعیدی،زاہد حسین بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔