دشمن سے متحد ہو کر لڑنا ہے: فردوس عاشق، رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر کرونا کا مقابلہ کرنا ہوگا : میجر جنرل بابر افتخار

دشمن سے متحد ہو کر لڑنا ہے: فردوس عاشق، رنگ و نسل سے بالا تر ہو کر کرونا کا ...

  

اسلام آ باد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہم نے چھپے دشمن سے متحدہوکرلڑناہے، کروناکیخلاف وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر کام کررہی ہیں لہٰذاقوم کے تعاون سے ہی کروناکوشکست دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کیساتھ میڈیا کو مشترکہ بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کرونا سے متعلق اقدامات کا پلیٹ فارم ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف اور ان کی ٹیم نے دن رات اس سینٹر میں خدمات انجام دی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل کوآرڈی نیشن سنٹرکاجائزہ لیا۔ اس دوران وزیراعظم نے آرمی چیف اور تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کرونا وائرس کے بارے میں بریفنگ کیساتھ ساتھ لاک ڈاؤن کے معیشت پرمنفی اثرات سے بھی آگاہ کیا گیا۔مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹیں گے، تمام اداروں کو ہدایات دی گئی ہے کہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مستند معلومات اس وقت اہم ضرورت ہے، ملک بھر میں آٹے سمیت اشیائے خورو نوش کی قلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ وزیراعظم نے سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔اس موقع پرپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ علمائے کرام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے عوام میں شعور پیدا کرنے کا حق ادا کیا۔ پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ فرنٹ لائن پر وباء کے خلاف کام کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر کے علماء کرام کا شکریہ ادا کروں گا جنہوں نے اس نازک وقت اور سنگین حالات میں پوری قوم کو اتحاد کا پیغام دیا، رنگ ونسل سے بالاتر ہو کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علمائے کرام ان حالات میں بہت ذمہ داری دکھائی ہے۔ اچھے مسلمان ہونے کے ناطے اپنے اردگرد کے افراد کو محفوظ بنانا ہمارا اولین فریضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس وقت بر وقت اقدامات کر رہی ہے۔ بدلتی صورتحال کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کرونانے عالمی ماحول کویکسربدل کررکھ دیا۔میجر جنرل بابر افتخارنے کہاکہ ڈاکٹر، پیرا میڈیکل سٹاف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بھی شکر گزار ہیں جو اس مشکل وقت میں ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ اس جنگ کو جیتنے میں ہمیں میڈیا کا پھر پور تعاون درکار ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ تمام صوبوں کی طرف سے انفارمیشن اور اطلاعات نیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کو فراہم کی جاتی ہے۔ یہ این سی سی کے تحت کام کر رہا ہے، یہ ایک ون ونڈو سینٹر ہے۔ اس کی سربراہی وفاقی وزیر اسد عمر کر رہے ہیں۔ صوبوں کی جانب سے اطلاعات سنٹرکو فراہم کی جاتی ہیں۔میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام سے اپیل ہے کہ گھروں میں رہیں اور محفوظ رہیں، کرونا وائرس کی وباء دنیا بھر میں پھیل چکی ہے۔ صوبائی حکومتوں کو بھر پور تعاون فراہم کررہے ہیں، 38دنوں میں قوم نے اس چیلنج کابخوبی مقابلہ کیاہے۔ افواج پاکستان ملک کے کونے کونے میں موجود ہے۔

میڈیا بریفنگ

مزید :

صفحہ اول -