سعودی عرب کا مقیم غیر ملکیوں کے لئے بڑا اعلان، 3 ماہ اقامے کی بلامعاوضہ آٹومیٹک تجدید

سعودی عرب کا مقیم غیر ملکیوں کے لئے بڑا اعلان، 3 ماہ اقامے کی بلامعاوضہ ...
سعودی عرب کا مقیم غیر ملکیوں کے لئے بڑا اعلان، 3 ماہ اقامے کی بلامعاوضہ آٹومیٹک تجدید

  

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں محکمہ پاسپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ مقیم غیر ملکیوں کے اقامے کی مدت میں کسی فیس کے بغیر خود بخود تین ماہ کے لیے توسیع کردی جائے گی جس پر عمل شروع کر دیا گیا ہے.

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے بعد مملکت میں جاری کرفیو اور لاک ڈاون کی وجہ سے سعودی حکومت نے غیر ملکیوں کے اقاموں میں توسیع کا اعلان کیا تھا جس کے حوالے سے سعودی محکمہ پاسپورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق نجی شعبے کےغیر ملکی کارکنان پر ہوگا جن کےاقامےکی معیاد ختم ہوچکی ہے یا اٹھارہ مارچ کے بعد اور تیس جون تک ختم ہوگی، چاہے وہ مملکت میں موجود ہیں یا نہیں۔

ایسے تمام غیر ملکیوں کو انفرادی طور پر ٹیکسٹ میسج کے ذریعے اقامے کی توسیع کےبارے میں مطلع کیا جائے گا، بیان کے مطابق یہ اقدام سعودی حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کے باعث مالی اور معاشی رکاوٹ کو دور کرنے کی تازہ ترین کوشش ہے.

یاد رہے کہ سعودی حکومت نے نجی اداروں اور اقتصادی سرگرمیوں پر نئے کورونا وائرس سے پڑنے والے نقصانات کا بوجھ کم کرنے کے لیے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا تھا، کورونا وائرس کے نقصانات سے بچانے کے لیے کئی ہنگامی پروگرام ، سکیمیں اور اقدامات طے کیے گئے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ ایسے غیر ملکی کارکن جن کے اقاموں کی میعاد ختم ہوگئی ہو ان کے اقاموں میں تین ماہ کی توسیع کسی اضافی فیس کے بغیر کر دی جائے گی، توسیع 30 جون 2020 تک کے لیے ہوگی۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اعلان ہوتے ہی سعودی عرب میں مقیم بیشتر تارکینِ وطن کو اپنے موبائل پر اقامہ کی تجدید کے پیغامات موصول ہونا شروع ہوگئے جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا اور سعودی حکومت اور خادم الحرمين الشريفين شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مصیبت کی اس گھڑی میں یہ سہولت مہیا کی.

مزید :

عرب دنیا -