سائنسدانوں نے چوہوں پر کورونا وائرس ویکسین کا کامیاب تجربہ کرلیا، بڑی خوشخبری آگئی

سائنسدانوں نے چوہوں پر کورونا وائرس ویکسین کا کامیاب تجربہ کرلیا، بڑی ...
سائنسدانوں نے چوہوں پر کورونا وائرس ویکسین کا کامیاب تجربہ کرلیا، بڑی خوشخبری آگئی

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا دنیا کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی۔ امریکی سائنسدانوں نے اس موذی وباءکی ویکسین کا چوہوں پر کامیاب تجربہ کر لیا۔ ویب سائٹ pittwire.pitt.edu کے مطابق یہ تجربہ امریکی ریاست پنسلوانیا کے یونیورسٹی آف پٹسبرگ سکول آف میڈیسن کے سائنسدانوں نے کیا ہے۔ سائنسدانوں نے چوہوں کو یہ ویکسین دی تو ان کے جسم میںکورونا وائرس کے خلاف لڑنے والی اینٹی باڈیز پیدا ہو گئیں۔ چوہوں کے جسم میں اتنی اینٹی باڈیز پیدا ہوئیں جو وائرس کو بے اثر کرنے کے لیے کافی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف پٹسبرگ سکول آف میڈیسن کے سائنسدان اتنی جلدی یہ ویکسین تیار کرنے میں اس لیے کامیاب ہو پائے ہیں کہ وہ بہت سا کام پہلے ہی کر چکے تھے۔ اس سے قبل جب کورونا وائرس کی ابتدائی اقسام ’سارس‘ اور ’مرس‘ وغیرہ پھیلی تھیں، تب سے وہ اس پر تحقیق کر رہے تھے۔ تحقیقاتی ٹیم کی رکن ڈاکٹر اینڈریا گیمبوٹو کا کہنا تھا کہ ”ہم نے 2003ءمیں ’سارس‘(SARS) اور 2014ءمیں ’مرس‘ (MERS)کی وبائیں پھیلنے پر بھی اس وائرس پر تجربات کیے تھے۔ اس وقت ’سارس کورونا وائرس 2‘ ہے جو دنیا میں وباءکی صورت میں پھیلا ہوا ہے جسے ہم کورونا وائرس 19کا نام دے رہے ہیں۔ چنانچہ ان گزشتہ تحقیقاتی کی وجہ سے ہم بہت کچھ پہلے جانتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اتنی جلدی یہ ویکسین بنانے میں کامیاب ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق سائنسدان اب فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن سے اس ویکسین کی منظوری لینے کی تیاری کر رہے ہیں، جس کے بعد اس کے انسانوں پر تجربات کیے جائیں گے۔ دوا کی تیاری کے متعلق ڈاکٹر اینڈریا کاکہنا تھا کہ ”دوا کی منظوری لینا اور پھر اس کے انسانوں پر تجربات کرنا ایک طویل عمل ہوتا ہے۔ ہم نہیں جانتے کہ اس کا کلینکل ڈویلپمنٹ پراسیس کتنا طویل ہو گا۔ میرے خیال میں اس کے مریضوں پر تجربات شروع ہونے میں ایک سال یا اس سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔“

مزید :

تعلیم و صحت -کورونا وائرس -