امریکہ میں کورونا کی تباہ کاریوں کا سلسلہ تیز، مریضوں کی تعداد 3 لاکھ کے قریب پہنچ گئی، ہلاکتیں کتنی ہوچکی ہیں؟

امریکہ میں کورونا کی تباہ کاریوں کا سلسلہ تیز، مریضوں کی تعداد 3 لاکھ کے قریب ...
امریکہ میں کورونا کی تباہ کاریوں کا سلسلہ تیز، مریضوں کی تعداد 3 لاکھ کے قریب پہنچ گئی، ہلاکتیں کتنی ہوچکی ہیں؟

  

نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) کورونا وائرس کے نئے مرکز امریکہ میں اس وبا کی تباہ کاریوں کا سلسلہ تیزی کے ساتھ جاری ہے اور اس نے دنیا کے سب سے طاقتور ملک کے 3 لاکھ کے قریب شہریوں کو متاثر کردیا ہے۔

امریکہ کی جوہن ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 78 ہزار 458 ہوگئی ہے۔یہاں اب تک 7159 لوگ کورونا کی وبا کے باعث اپنی زندگی سے ہاتھ دھو چکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا سے صحتیابی کی شرح انتہائی کم ہے اور اب تک صرف 9897 لوگ ہی اس وبا سے جان چھڑا پائے ہیں۔

امریکہ کا شہر نیو یارک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 1867 لوگ اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں  جبکہ ریاست نیویارک میں 619 لوگوں نے کورونا کے باعث اپنی جانیں گنوائی ہیں۔

دوسری جانب نیو یارک ٹائمز کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ریاست نیو یارک میں کورونا وائرس کے اب تک ایک لاکھ 2 ہزار 870 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ یہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2935 ہوگئی ہے۔  نیو یارک ٹائمز کی جانب سے بتائی گئی ہلاکتوں کی تعداد جوہن ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار سے 449 اموات زیادہ ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -کورونا وائرس -