”یہ کوئی مذاق نہیں کہ ملتان سلطانز کو ٹرافی دیدی جائے“ وسیم خان نے واضح اعلان کر دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے فاتح کا فیصلہ میدان میں ہی ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق وسیم خان نے کہا کہ ملتان سلطانز تو چاہیں گے کہ انہیں ٹرافی مل جائے لیکن یہ کوئی مذاق نہیں کہ انہیں ٹرافی دیدی جائے، پی ایس ایل کے چیمپین کا فیصلہ میدان میں ہونا چاہیے ورنہ مزا نہیں آئے گا، باقی میچز کیلئے سال کے آخر میں کوئی ونڈو تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس حوالے سے فرنچائزز کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، اگر کسی طور بھی ممکن نہ ہوا تو آخری آپشن کے طور پر کوئی فیصلہ کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم پی ایس ایل میں نئی ٹیمیں شامل کرنے کا فیصلہ 2022ءمیں کریں گے،فی الحال لیگ کو فرنچائزز کیلئے منافع بخش بنانے کی کوشش کررہے ہیں،ابھی کسی نئی ٹیم کو شامل کرنے سے دستیاب ریونیو کا مزید بٹوارہ ہوجائے گا، اس لئے کم از کم اگلے سال بھی اس تجربے سے گریز کرنا ہو گا اور اس دوران ہمیں نئے وینیوز کو بھی پی ایس ایل کی میزبانی کیلئے تیار کرنے کا موقع مل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال پوری لیگ پاکستان میں کرانے کے حوصلہ افزاءنتائج برآمد ہوئے ہیں اور امید ہے کہ آئندہ سال مزید بڑے ایونٹ اور مالی لحاظ سے بھی زیادہ منافع بخش ہونے کا فائدہ فرنچائزز کو بھی حاصل ہو گا۔