دو ایٹمی قوتیں حالت جنگ میں نہیں جاسکتیں ،آگے بڑھنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں ،شاہ محمود قریشی
ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کاکہناہے کہ پاکستان کی خواہش کشمیر کامسئلہ گفت و شنیدسے حل ہوناچاہئے ،دو ایٹمی قوتیں حالت جنگ میں نہیں جاسکتیں ،آگے بڑھنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔
ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وعدے کے مطابق ملتان میں سیکرٹریٹ قائم ہوگا،ہرچیزکیلئے لاہورہی جانا ہے توبجٹ میں 4 ارب کیوں رکھاگیا؟سب کچھ لاہورمیں ہی ہوناہے توسیکرٹریزکوکیوں رکھاگیا؟ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہمیں ڈاک خانہ نہیں ، بااختیارافسران چاہئیں،پنجاب کابینہ کااجلاس عثمان بزدارکی زیرصدارت ملتان میں ہوگا، وزیراعظم ملتان سیکرٹریٹ کاافتتاح کریں گے ۔
انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب صوبے کافیصلہ منطقی انجام کوپہنچے گا،حکومت جنوبی پنجاب صوبے کی بنیادرکھ رہی ہے جسے کوئی اکھاڑنہیں سکتا، کسی نے رکاوٹ کھڑی کی تواس سے ٹکرائیں گے،سازش ناکام ہوگئی،بات کی تہہ تک جائیں گے۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت سے دوستانہ تعلقات کی خواہش کی،پاکستان اوربھارت کے پاس آگے بڑھنے کاواحدراستہ مذاکرات ہے، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے حلف اٹھانے سے قبل بھارت کوامن کاپیغام دیا،وزیراعظم نے پیغام دیا بھارت ایک قدم بڑھائے،ہم دوبڑھائیں گے،
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ بھارت کے5اگست 2019کواقدامات سے معاملات پیچیدہ ہوگئے،ہمیں کوئی گھبراہٹ نہیں،مسئلہ کشمیرپرہمارا تاریخی موقف وزنی ہے ،مسئلہ کشمیرسے متعلق اپنے موقف پرقائم ہیں،مسئلہ کشمیرپر یواین سیکرٹری جنرل کوخطوط ریکارڈپرہیں۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ کابینہ کادوٹوک فیصلہ ہے کہ بھارت کیساتھ تجارت نہیں ہوسکتی،کابینہ اجلاس میں بھارت کیساتھ تجارت کامعاملہ زیربحث آیا،وزیراعظم نے بھارت سے تجارت پربرملاموقف واضح کردیا۔