ضمنی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق جاری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق پرعملدرآمد کیلئے ریٹرنگ افسران کو ہدایات جاری کردی جس کے مطابق وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ اور وزراءکسی انتخابی ریلی میں شرکت یا خطاب نہیں کر سکتے۔الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم 19اگست تک جاری رہے گی، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ اور وزراءکسی انتخابی ریلی سے خطاب نہیں کر سکتے، جلوسوں میں شرکت اور خطاب کی پابندی صدر اور گورنرز پر بھی لاگو ہوگی۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ جلسے میں حکومت کی جانب سے ترقیاتی سکیم کے اعلان پر پابندی ہوگی اور امیدوار کسی صورت سرکاری وسائل استعمال نہیں کرسکتے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ جھنڈے، بینرز اور ہورڈنگز کے حوالے سے قانون پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، مقررہ حد سے زائد اخراجات کا سخت نوٹس لیا جائے گا۔