منی لانڈرنگ کیس ،اشتعال انگیز تقریروں اور دیگر جرائم کے اہم دستاویزات حکام کے حوالے کر دیے : فیصل واڈا
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واڈا کی سکاٹ لینڈ یارڈ کے حکام سے ہونے والی ملاقات ختم ہو گئی جس میں ان کی جانب سے ایم کیو ایم کے خلاف اہم ثبوت فراہم کیے گئے ہیں ۔ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واڈا نے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سکاٹ لینڈ حکام سے 2 گھنٹے جاری رہنے والی ملاقات بہت مثبت رہی اور انہوں نے منی لانڈرنگ کے حوالے سے اہم دستاویزات سکاٹ لینڈ یارڈ کے حوالے کیں ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس ملاقات میں پاکستان میں ہونے والے دیگر جرائم کے متعلق بھی ثبوت حکام کو پہنچا دیئے گئے ہیں۔ فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف کارروائی ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ الطاف حسین کیخلاف 8 فائلیں اور ایک سی ڈی بھی دی ہے۔ ان کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ حکام نے کہا ہے کہ ایسے ثبوت ابھی تک انہیں کسی نےفراہم نہیں کیے ۔ شواہد میں ایم کیو ایم کے بیانات شامل ہیں جن سے ثابت ہوتا ہے بڑی رقوم ٹرانسفر کی گئیں۔فیصل واڈا نے کہا ہے کہ وہ الطاف حسین کے خلاف وزارت داخلہ میں دعویٰ دائر کریں گے ۔