باکسنگ اکیڈمی سے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو گیا ، باکسر عامر خان

باکسنگ اکیڈمی سے پاکستانی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو گیا ، باکسر ...

 لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے لیکن یہاں پر زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔لاہور پریس کلب میں پریس کلب کے صدر ارشد انصار ی اور جنرل سیکرٹری افضال طالب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں باکسنگ کی اکیڈمی بننے سے نوجوان باکسروں کو بہترین ٹریننگ ملے گی اور ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوگا ۔اسی لئے پاکستان میں باکسنگ کی اکیڈمی اور عامر خان فاؤنڈیشن بنانے کا خیال آیاتھا اور اللہ کے فضل سے ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا ۔عامر خان نے کہاکہ ان کا پاکستان آنے کا مقصد نوجوان باکسروں کو اپنے تجربہ سے اگاہ کرنا ہے ۔عامر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میرا وطن ہے مجھے دنیا بھر سے اکیڈمی بنانے کی پیشکش ہوئی ہیں مگر میں پاکستان کا نام دنیا میں روشن دیکھنا چاہتا ہوں، پاکستان میں باکسنگ اکیڈمی کے قیام سے مجھے دلی خوشی ہوگی ۔ پاکستان کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے میں چاہتا ہوں پاکستان کے نوجوان باکسنگ کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں، میرا تجربہ، میرا کھیل سب کچھ پاکستان کیلئے ہے اور یہ چاہتا ہوں کہ میرے وطن کے لوگ میرے کھیل اور تجربے سے استعفادہ کریں، اسی لئے لاہور میں باکسنگ اکیڈمی بنارہا ہوں ۔ اکیڈمی میں خود بچوں اور نوجوانوں کو ٹریننگ دونگا، اس کے علاوہ میرے کوچ اور ٹرینر بھی بچوں اور نوجوانوں کو تربیت دیں گے، 5سال بعد پاکستان میں باکسنگ کے کھلاڑیوں کی نئی کھیپ سب کے سامنے ہوگی، اکیڈمی میں گراس روٹ لیول سے بچوں کو تربیت دیں گے۔عامر خان نے کہاکہ پاکستان کے ٹیلنٹڈ باکسر لند ن میں میرے جم میں ٹریننگ حاصل کرسکتے ہیں ۔باکسنگ فیڈریشن جن باکسروں کو لندن بھجوائے گی وہ میری ٹریننگ کی سہولیات استعمال کرسکتے ہیں ۔ عامر خان نے کہاکہ نٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستانی باکسروں کے گولڈ میڈل لینے کے بارے میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہے تاہم 2020تک وہ گولڈ میڈل حاصل کرسکتے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ کا ہر میچ دیکھتا ہوں اس حوالے سے شاہد آفریدی اور شعیب ملک میرے فیورٹ کرکٹر ہیں ان سے بہت متاثر ہوں ۔ میری ملاقات شعیب ملک سے بھی ہوئی ہے اور پاکستان ٹیم کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دی ہے ۔پاکستان ٹیم نے سری لنکا کے خلاف بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور پوری قوم کو پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہئے ، عامر خان نے کہاکہ وہ دوبارہ دو ہفتے بعد پاکستان آئیں گے ۔ عامر خان کے والد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں باکسنگ فیڈریشن کی دو فیڈریشن ہیں ۔ان کو مل جل کر اپنے معاملات طے کرنے چاہئے ۔قبل ازیں جب باکسر عامر خان اپنی اہلیہ اور والد کے ہمراہ پریس کلب لاہور پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔پریس کلب کے صدر ارشد انصار ی اور جنرل سیکرٹری افضال چوہدری نے انہیں پریس کلب میں خوش آمدید کہا ۔ اس موقع پر صدر پریس کلب ارشد انصار ی کا کہنا تھا کہ عامر خان کی آمد پریس کلب کے لئے اعزاز کی بات ہے ۔عامر خان کے انٹرنیشنل مقابلوں کے دوران پورا پاکستان ان کو سپورٹ کرتاہے ۔ارشد انصار نے اس موقع پر پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو لاہور پریس کلب کی اعزازی لائف ممبر شپ دینے کا اعلان کردیا ۔عامر خان کو پاکستانی آموں کا بھی تحفہ دیا گیا ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی