کھانے پینے کی اشیاء کی صفائی اور معیار کو یقینی بنایا جائے گا، عبداﷲ سنبل

کھانے پینے کی اشیاء کی صفائی اور معیار کو یقینی بنایا جائے گا، عبداﷲ سنبل

لاہور(جنرل رپورٹر)کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ ریڑھیوں پر بکنے والی کھانے پینے کی اشیاء کو اصولِ صحت کے معیار پر لانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس کے تحت کھانے پینے کی اشیاء کی صفائی اور معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے پائلٹ پراجیکٹ کے لیے منتخب کردہ چار ٹاؤنوں میں آٹھ بازاروں کے سروے کے لیے اربن یونٹ کو اہداف دے دیئے گئے ہیں تاکہ اس حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کے ثمرات درست سمت میں حاصل ہو سکیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ انسداد ملاوٹ کے لیے انتظامیہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو مکمل تعاون دے رہی ہے اور اس کے مثبت نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ رکن صوبائی اسمبلی پنجاب وحید گل نے کہا کہ کھانے پینے کی ریڑھیوں پر صفائی ایک بڑا چیلنج ہے اور حکومت پنجاب کی وضع کردہ حکمت عملی سے لوگوں کو صاف ستھری کھانے کی اشیاء فراہم ہوں گی۔کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار انسداد ملاوٹ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم پی اے وحید گل، ڈی سی او لاہور، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، ایڈیشنل کمشنر لاہور، اربن یونٹ کے افسران اور ای ڈی اوز ہیلتھ لاہور ڈویژن نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1