ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف گڈز ٹرانسپورٹرز ، ٹرک ٹرالہ ایسو سی ایشن وتاجروں کا اتحاد
لاہور ( وقائع نگار ) حکومت کی جانب سے بنکوں کے لین دین پر اعشاریہ تین فیصد ٹرانزیکشن ٹیکس اور گڈز ٹرانسپورٹ پر 16فیصد پنجاب سیلز ٹیکس عائد کر نے کے خلاف گڈز ٹرانسپورٹرز ، ٹرک ٹرالہ ایسو سی ایشن ،ٹرک ڈارائیور ایسو سی ایشن اور ٹر ک اڈوں سے ملحقہ تاجر تنظیموں نے گٹھ جوڑ کر لیا ہے اور حکو مت کے خلاف محاذ آرائی کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کر لیے ہیں جس کے لیے لاہور کی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے نمائندوں کو دعوت نامے جاری کر دیے گئے ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکو مت کی جانب سے گڈز ٹرانسپورٹ پر عائد کر دہ 16فیصد ٹیکس کے خلاف ٹرانسپورٹرز سخت لائحہ عمل طے کر تے ہوئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام کر یں گے اور ٹرک اڈڈوں پر سیاہ پر چم لہراتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ تاجر برادری کی جانب سے 5اگست کی ہڑتال میں بھر پور شر کت کر تے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کا کاروبار بند رکھا جائے گا۔گزشتہ روزپاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے صدر ملک شوکت علی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سرپرست اعلیٰ سلطان محمود بچو پہلوان، سینئر وائس چیئرمین مختار احمد، سینئر نائب صدراکرم وٹو، نائب صدر شراف آفریدی، علیم ملک، جنرل سیکرٹری طارق محمود نبیل، سیکرٹری اطلاعات مرزا ارشد اقبال بیگ، آل پاکستان ٹرک ڈرائیور یونین کے جنرل سیکرٹری جاوبد بٹ، انجمن تاجران راوی روڈ کے جنرل سیکرٹری شیخ بابر، پنجاب گڈز کے جنرل سیکرٹری حاجی عبدالمجید اس کے علاوہ لاہور کی تمام گڈز ٹرانسپورٹ کی یونین نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سلطان محمود بچو پہلوان، ملک شوکت علی اور نبیل محمو د نے کہا کہ انجمن تاجران کی طرف سے 5 اگست کو دی جانیوالی ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن 5 اگست کو ملک بھر میں مکمل ہڑتال کرے گی اور اس دن تمام شہروں میں بکنگ بند کر دی جائے گی اور ملک بھر میں سپلائی روک دی جائیگی۔ حکومت کی ٹرانسپورٹرز پر لگائے جانے والے 16 فیصد ٹیکس اور سروز ٹیکس کسی صورت 0.3 فیصد بینک ٹرانسفر ٹیکس کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ حکومت جب تک اس کو ختم نہیں کرے گی اس وقت تک حکومت کے خلاف مکمل احتجاج کیا جائے گا۔ صدر شوکت علی نے کہا کہ 5 اگست کی ہڑتال کے بعد پورے پاکستان سے گڈز ٹرانسپورٹروں کا اجلاس لاہور میں منعقد کیا جا رہا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔