شہری ٹریفک قوانین کی پابندی اور ڈرائیونگ کی تربیت میں دلچسپی لے رہے ہیں
لا ہور (وقائع نگار خصوصی) چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کے ساتھ ساتھ شہری ڈرائیونگ سکول میں تربیت حاصل کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں، ڈرائیونگ سیکھنے میں خواتین کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پولیس ڈرائیونگ سکول کے بیسویں اور اکیسویں بیج کی تقریب تقسیم سرٹیفکیٹس میں اٹلس ہنڈا کے نیشنل سیفٹی مینجر تسلیم شجاع ،سینئر اداکار فردوس جمال ،سابق کرکٹر انتخاب عالم ،ڈی ایس پی ہیڈ کواٹرزمظہر فرید ،ڈی ایس پی لائسنسنگ امتیازالرحمن اور دیگر افسران شریک ہوئے۔دونوں بیج میں63 خواتین سمیت162 افراد نے تربیت مکمل کی۔چیف ٹریفک آفیسر طیب حفیظ چیمہ اور مہمانوں نے کامیاب ہو نے والے مرد و خواتین میں سرٹیفکیٹ اور انعامات تقسیم کئے ۔ سی ٹی او نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین کی پاسداری اور شہریوں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔مرد وخواتین کو ٹریننگ دینے میں اٹلس ہنڈا کے انسٹرکٹرزاور ٹیکنیکل ماہرین بھی اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں۔ پولیس ڈرائیونگ سکول کی بہتر کارکردگی اور عوام کی پذیرائی ٹریفک پولیس کیلئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی اس کاوش نے پولیس عوام دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ابتک509 خواتین سمیت1308 افرادنے ٹریننگ مکمل کی۔تقریب میں شریک مہمان فردوس جمال اور انتخاب عالم نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکول میں تربیت کیلئے آنے والوں کو چاردیواری میں بالکل گھر جیسا ماحول میسر ہے خوا تین کیلئے لیڈیز انسٹرکٹرانہیں ماہرانہ انداز میں ڈرائیونگ کے بارے میں پریکٹیکل اور تھیوری سکھا رہی ہیں جو پولیس عوام دوستی کی ایک مثال ہے۔