قائداعظمؒ کی بے لوث قیادت نے مسلمانان برصغیر کو ایک پلیٹ فارم پر متحدکیا،محمد سلیم

قائداعظمؒ کی بے لوث قیادت نے مسلمانان برصغیر کو ایک پلیٹ فارم پر ...

لاہور(جنرل رپورٹر)قائداعظمؒ کی بے لوث قیادت نے مسلمانان برصغیر کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کردیا،آپ نے ہندوؤں اور انگریزوں کی سازشوں کا پامردی سے مقابلہ کیا۔ تحریک پاکستان میں نوجوانوں بالخصوص طلبہ نے بھرپور حصہ لیا۔ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے نامور کارکن کرنل(ر)محمد سلیم ملک نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں تقریبات یوم آزادی کے سلسلے میں ’’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ لیکچرکے دوران طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس لیکچر کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیاتھا۔ کرنل(ر)محمد سلیم ملک نے کہا کہ ملک میں جو انتشار کی کیفیت نظر آتی ہے قیام پاکستان سے قبل مسلمانان برصغیر اس سے بھی زیادہ انتشار کا شکار اور مختلف گروہوں میں بٹے ہوئے تھے۔1940ء کو مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس میں قائداعظمؒ نے مسلمانوں کو ایک واضح راستہ دکھایا اور نصب العین کا تعین کیا۔اس سے قبل1930ء میں علامہ محمد اقبالؒ ایک علیحدہ وطن کا تصور بھی پیش کر چکے تھے۔ مسلمانان برصغیر قائداعظمؒ کی قیادت میں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو گئے ۔ 1940ء کا جب اجلاس ہوا اس وقت جنگ عظیم دوم جاری تھی اور ملک میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں تھی لیکن قائداعظمؒ میں مسلمانوں کی قیادت اس طرح کی کہ برطانوی حکومت کے ساتھ تصادم بھی نہیں ہونے دیا اور اپنی منزل کی جانب بھی پیش قدمی جاری رکھی۔

۔

کرنل(ر) محمد سلیم ملک نے پروگرام کے دوران تحریک پاکستان‘1945-46ء کے دوران مسلم لیگی امیدواروں کی انتخابی مہم اور قائداعظمؒ کو دیکھنے کے حوالے سے متعدد چشم دید واقعات بھی طالبات کو سنائے۔بعدازاں سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4