13 جون2006ء سے قبل مرنیوالے گیپکو ملازمین کے بچوں کو بھی نوکریاں دینے کی منظوری

13 جون2006ء سے قبل مرنیوالے گیپکو ملازمین کے بچوں کو بھی نوکریاں دینے کی منظوری

گوجرانوالہ (بیورورپورٹ) گپیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 13جون 2006ء سے قبل دورانِ سروس قدرتی طور پر وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کو بھی براہ راست نوکری دینے کی منظوری دے دی ہے۔ قبل ازیں یہ سہولت صرف جون 2006ء کے بعد دورانِ نوکری وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کیلئے تھی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق واپڈا کا کوئی بھی ملازم قدرتی یا حادثاتی طور پر وفات پا گیا ہو تو اس کے ایک بچے کو بغیر کسی اشتہار اور امتحان فوری طور پر اُس کی تعلیمی قابلیت کے مطابق محکمہ میں دستیاب نوکری دی جائے گی تاکہ والد کی وفات کے بعد وہ اپنے گھر کی کفالت کر سکے ۔ پیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اس فیصلہ پر گیپکوملازمین نے نہایت مسرت اور اطمینان کابھی اظہار کیا ہے اور اس دیرینہ مطالبہ کو پورا کرنے پر یونین نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔گیپکو ملازمین نے اس امر کا اظہار کیا کہ اس فیصلہ کے بارے میں آگاہی کیلئے سب ڈویژن کی سطح تک کی لوکل یونین اور انتظامیہ کو چاہئے کہ فوت شدہ ملازمین کے پسماندگان /بیوہ/بچوں کو مناسب طریقہ سے فی الفور اطلاع فراہم کریں تا کہ اس سہولت سے تمام حقدار استفادہ کر سکیں اور کسی مرحوم ملازم کے پسماندگان اس سہولت سے محروم نہ رہ جائیں۔

مزید : صفحہ آخر