درگاہ حضرت بل کے اما م و خطیب مولانا بشیر احمد فاروقی انتقال کرگئے

درگاہ حضرت بل کے اما م و خطیب مولانا بشیر احمد فاروقی انتقال کرگئے

سرینگر (کے پی آئی)درگاہ عالیہ آثار شریف حضرت بل کے اما م و خطیب مولانا بشیر احمد فاروقی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے ۔ان کی عمر85برس تھی۔ مرحوم کی نماز جنازہ پیر کے روزدرگاہ حضرت بل میں ادا کی گئی ۔مولانا بشیر مرحوم مولانا غلام احمد فاروقی سابق اما م و خطیب کے فرزند تھے جن کے پاس ہی انہوں نے بنیادی تعلیم حاصل کی ۔ان کے برادر ڈاکٹر کمال فاروقی نے کہاکہ مرحوم مولانا بشیر فاروقی (امام وخطیب درگاہ) 1930میں پیدا ہوئے اور انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم والد محترم سابق امام و خطیب مولانا غلام احمد فاروقی کے پاس حاصل کی اور اسکے بعد میٹرک پاس کرنے کے بعد کالج میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ۔انہوں نے کہاکہ مولانا بشیر نے مدین العلوم میں مولوی فاضل کی سند حاصل کی اور اسکے بعد محکمہ تعلیم میں بحیثیت استاد تعینات ہوئے ۔بحیثیت استاد اپنی خدمات انجام دینے کے دوران ہی انہوں نے والد محترم کی وفات کے بعد آثار شریف درگاہ کی امامت و خطابت کی ذمہ داری سنبھالی اور آخری دم تک اسی فریضہ کو بحسن خوبی انجام دیتے رہے ۔ڈاکٹر کمال کے مطابق مولانا بشیر فاروقی نے 55برس تک آثار شریف درگاہ کی امامت و خطابت کے فرائض انجام دئے اور اس دوران انہوں نے کئی مشکلات کے باوجود اپنے اصولوں اور ذمہ داریوں سے انحراف نہیں کیا۔مرحوم بشیر فاروقی نے اپنی حیات میں ہی اپنے برادر مولانا سعید احمد فاروقی کو نائب امام و خطیب مقرر کیا تھا ۔

مزید : عالمی منظر