وزیر اعظم نواز شریف کا دورہ سکھر،سیلاب متاثرین کےلئے سندھ حکومت کو ایک ارب روپے امداد دینے کا اعلان

وزیر اعظم نواز شریف کا دورہ سکھر،سیلاب متاثرین کےلئے سندھ حکومت کو ایک ارب ...
وزیر اعظم نواز شریف کا دورہ سکھر،سیلاب متاثرین کےلئے سندھ حکومت کو ایک ارب روپے امداد دینے کا اعلان

  

سکھر(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم نواز شریف نے سیلاب متاثرین کےلئے سندھ حکومت کو ایک ارب روپے امداد دینے کا اعلان کر دیا اور کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں،تمام صوبے اور وفاق سیلاب روکنے کے اقدامات کر رہے ہیں ،متاثرین پر مشکل وقت ہے تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لئے سکھر گئے ہیں جہاں سکھر ایئرپورٹ پر وزیر اعلی سندھ قائم علی شا ہ نے وزیر اعظم نواشریف کا استقبال کیا ۔ بعد ازاں وزیر اعظم نواز شریف گھوٹکی پہنچے جہاں شینک بند اور قادر پور بند کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا ۔وزیر اعظم نواز شریف نے سیلا ب متاثرین کے کیمپ کا دورہ بھی کیا اورامدادی سامان تقسیم کیا ، وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اپنے گھر کے متبادل کوئی چیز نہیں،سیلاب کی وجہ سے لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی جس کا دکھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قائم علی شاہ اور ہم سب سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں،متاثرین پر مشکل وقت ہے تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبوں اور وفاق کو مل کر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کار ی لگا کرسیلابوں کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنے چاہیے اور دیکھنا چاہیے کس طرح سیلاب روک جا سکتے ہیں پھر بھی سیلاب یا کوئی قدرتی آفت آتی ہے تو ہم آپ کے ساتھ ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا سیلاب کے نقصانا ت کا جائزہ لیا جا رہا ہے ،سیلاب متاثرین کی مدد میں کوئی کسرنہیں اٹھائیں گے۔وزیر اعظم نواز شریف کے سکھر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے فضائی جائزے کے بعد انہیں متعلقہ حکام کی جانب سے بھی بریفنگ بھی دی گئی ۔ شینک بند اورقادر پور بند کے دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر این ڈی ایم اے نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شینک بند سے سات لاکھ کیوسک پانی گزر رہا ہے تاہم صورتحال کنٹرول میں ہے۔ مزید بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے 95ہزار افراد متاثر ہوئے ،شینک بند سے پہلے آٹھ لاکھ کیوسک پانی گزر رہا تھا ۔اس موقع پر سیکرٹری ایری گیشن سندھ اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بھی بریفنگ دی ۔

یاد رہے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں تباہی مچانے کے بعد سیلاب سندھ میں ہلچل مچا رہا ہے ،سکھر بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے خدشہ ہے سندھ کے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال میں شدت آئیگی۔

مزید : قومی /اہم خبریں