تحریک انصاف ڈی سیٹ تحاریک ، صورتحال ایسی ہے کہ بچہ پیدا ہو گیا اب اسے مارا یا واپس نہیں بھیجا جا سکتا : مجیب الرحمان شامی
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک ) معروف صحافی مجیب الرحمان شامی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے اراکین اور ان کی رکنیت کے خاتمے کی تحاریک کی حیثیت بالکل ایسی ہی ہے کہ بچہ پیدا ہو گیا ہے اور اب اسے مارا یا واپس نہیں بھیجاجا سکتا ۔
نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور جمعیت علماءاسلام ف کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کی تحاریک بعد از وقت ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ آئین میں ایسی کوئی دفعہ یا شق موجود نہیں ہے جس سے تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی سیٹ کیا جا سکے ۔
مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ جس وقت تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی میں واپس آئے تھے اس وقت اس قسم کی تحاریک پیش ہوتی تو ان کی افادیت اور ہوتی لیکن اب ان اراکین کے معاملات طے ہو چکے ہیں ۔ صحافی کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی اراکین اسمبلی میں واپس آئے اور انہوں نے تنخواہیں وصول کر لیں تو معاملہ ختم ہو گیا ۔ مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق کو چاہیئے کہ ان تحاریک کو ضابطہ اخلاق کے خلاف قرار دینا چاہیئے ۔