گداگر مافیا کو سعودی ویزے جاری کرنے والے ٹریول ایجنٹس کیخلاف کارروائی شروع
لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان کو بدنام کرنے والے عمرہ کے نام پر سعودی عرب میں جا کر بھیک مانگنے والے مافیا کو ویزے جاری کرنے والے ٹریول ایجنٹس کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی، سعودی حکومت نے ان ٹریول ایجنٹس کو نوٹس جاری کر دئیے اور ان کے سابقہ جاری کئے گئے ویزوں کا ریکارڈ بھی منگوا لیا گیا ہے۔
روزنامہ دنیا کے مطابق اس میں ملوث ٹریول ایجنٹس کو بلیک لسٹ کرنے کے امکانات ہیں۔ اخبارکے مطابق اس حوالے سے گرفتار گداگروں سے تفتیش مکمل کر لی گئی ہے اور ان کو ڈی پورٹ کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈی پورٹ کئے جانے والا گداگر رب نواز صبح دس بجے ایمر یٹس کی پرواز نمبر 2830 سے کراچی پہنچے گا جہاں ایف آ ئی اے اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے اس سے تفتیش کریں گے۔
مصدقہ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ویزے ختم ہونے کے بعد یہ لوگ جن کے پاس رہتے تھے ان کے خلاف بھی کارروائی کا آ غاز کر دیا گیا ہے۔