اسلامی معاشی اور تجارتی بلاک کا قیام وقت کی ضرورت ہے ، خرم دستگیر

اسلامی معاشی اور تجارتی بلاک کا قیام وقت کی ضرورت ہے ، خرم دستگیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر تجارت انجنئیر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ اسلامی معاشی اور تجارتی بلاک کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، اسلامی ممالک میں معاشی جمود کو توڑنے کیلئے نئی سوچ اور تحقیق پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،پاکستان اسلامی ممالک کے ساتھ معاشی اور تجارتی رابطہ کاری میں پیش پیش ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے انڈونیشیاء کے شہر جکارتہ میں منعقد ہونے والے بارھویں عالمی اسلامی معاشی فورم میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم پاکستان کو اس فورم میں شمولیت کیلئے دعوت دی گئی تھی، وزیر اعظم پاکستان نے اپنی جگہ ملک کی نمائندگی کیلئے وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان کو نامزد کیا ۔انڈونیشیاء کے صدر جوکوودودونے فورم کا افتتاح کیا جبکہ ملائیشیا کے وزیر اعظم اور فورم کے سرپرست نجیب عبدالرزاق نے خصوصی خطاب کیا۔افتتاحی اجلاس سے کویت، قطر، بنگلہ دیش، الجیریا، نائیجیریا، جکستان، اردن، گنی، سری لنکا، ویتنام، تھائی لینڈ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے نمائندوں نے خطاب کیا۔وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامی ممالک کو غربت کے خاتمے کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو پروان چڑھا نا ہو گا تاکہ ترقی کے ثمرات غریب ترین طبقات تک پہنچ سکیں۔پاکستان اسلامی ممالک کے مابین تجارت اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ اسلامی مارکیٹ کے قیام کا حامی ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان نے اسلامی ممالک کے مابین معاشی و تجارتی تعاون کو مضبوط کرنے کیلئے اسلامی تعاون کی تنظیم کے ترجیحی تجارت کے معاہدوں کی توثیق کر دی ہے اور اس کیلئے درکار ٹیرف لسٹ او آئی سی سیکرٹریٹ جمع کروا دی ہے۔وفاقی وزیر نے اسلامی ممالک کے مابین تجارت میں سہولت، سرمایہ کاری میں اضافے،سفری آسانی کیلئے کی جانے والی کوششوں کیلئے پاکستان کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر کے ہمراہ وزیر اعظم کے تہنیتی خطوط بھی ہیں جو وہ انڈونیشیاء کے صدر اور ملائیشیاء کے وزیر اعظم کو دیں گے۔

، ان دونوں لیڈران نے وزیر اعظم پاکستان کو فورم میں شرکت کی خصوصی دعوت دی تھی۔

مزید :

کامرس -