پرانے پاور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے‘ لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبرکے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا ہے کہ بجلی کی ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کا پْرانا نظام نہ صرف بجلی کے ضیاع کا سبب بن رہا ہے اور بجلی کی اضافی پیداوار کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے بلکہ اس کی وجہ سے سانحات بھی رونما ہورہے ہیں لہذا سسٹم کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اگرچہ حکومت توانائی کی پیداوار کے بہت سے منصوبوں پر کام کررہی ہے تاکہ وقت کے ساتھ توانائی کی بڑھتی ضروریات پوری کرسکے لیکن ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کا موجودہ نظام بجلی کی اضافی پیداوار کا بوجھ نہیں اٹھا پائے گا ،نتیجہ پاور بریک ڈاؤن کی صورت میں برآمد ہوگا جس کا تجربہ ماضی قریب میں کئی مرتبہ ہوچکا ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت کو پاور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی اپ گریڈیشن میں کوئی کوتاہی نہیں برتنی چاہیے کیونکہ اس کی وجہ وجہ سے صنعت و تجارت اور معیشت کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر مزید زور دیا کہ توانائی کی پیداوار کے منصوبے اور ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن سسٹم اپ گریڈیشن سسٹم کے منصوبے ایک ساتھ مکمل کرے تاکہ بجلی کی پیداوار میں اضافے کے ساتھ رسد کا نظام بھی بہتر ہوسکے۔ لاہور چیمبرکے عہدیداروں نے کہا کہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی کم سے کم مدت میں تکمیل اشد ضروری ہے کیونکہ صنعتی شعبے کو سستی اور وافر بجلی کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف پیداوار بڑھے بلکہ پیداواری لاگت بھی کم سے کم سطح پر ہوتاکہ یہ عالمی منڈی میں دیگر ممالک کا مقابلہ کرسکے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی مینوفیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ سے مشروط ہے اور یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب اسے وافر توانائی میسر ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں توانائی کی پیداوار بڑھتی ہے تو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ پاور ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم بھی ہونا بہت ضروری ہے لہذا حکومت توانائی کی پیداوار اور ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن سسٹم کی بہتری کے لیے ایک ساتھ کام کرے۔