البیراک ویسٹ مینجمنٹ کمیونیکیشنز ٹیم کی چائنہ سکیم کے نو منتخب چیئر مین سے ملاقات
لاہور( جنرل رپورٹر)البیراک ویسٹ مینجمنٹ کمیونیکیشنز ٹیم نے بدھ کے روز چائنہ سکیم یونین کونسل 161 کے نو منتخب چیئر مین ماسٹر نثار سے ملاقات کی اور صفائی کی صورتحال پر ان کے تحفظات کے فوری ازالے کے لیے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔البیراک کی جانب سے منیجر کمیونیکیشنز نعیمہ سعیدکی سربراہی میں کی گئی ملاقات میں صفائی کی عمومی صورتحال پربھی تبادلہ ء خیال کیا گیا۔ البیراک ٹیم نے صفائی سے متعلق عوامی نمائندوں کے تحفظات کے اظہار اور خصوصی دلچسپی کو سراہا۔
یوسی چئیرمین کو علاقے میں کمپنی کی جانب سے جاری خصوصی صفائی آپریشنز سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔ چائنہ سکیم میں پچھلے پانچ دنوں میں 45 کوڑے سے بھرے پلاٹس کلئیر کیے گئے ہیں جبکہ جانی پورہ میں کمپنی نے ذاتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مچھروں کی افزائش کی روک تھام کے لیے زمین ہموار کی ہے۔ البیراک ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقے میں صبح و شام دونوں اوقات میں مشینری فعال رہتی ہے۔دریں اثناء علاقے میں صفائی آگاہی مہم کا انعقاد بھی کیا گیا اور آگاہی مواد مقامی رہائشیوں میں تقسیم کیا گیا۔ البیراک نمائندگان اور یو سی چئیر مین کی جانب سے علاقہ میں صفائی کے قیام کے حوالے سے شعور و آگاہی کی خصوصی مہم کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیاہے۔ ڈپٹی منیجر کمیونیکیشنز شاہان خان اور اسسٹنٹ منیجر سہیل محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔