مصطفٰی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم میں پابندی کے باوجود 130مقامات پر تعمیر ات شروع

مصطفٰی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم میں پابندی کے باوجود 130مقامات پر تعمیر ات شروع

لاہور(اپنے خبر نگار سے )ایل ڈی اے کی مصطفی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم میں پابندی کے باوجود 130مقامات پر تعمیرات شروع،مقامی پراپرٹی ڈیلرز اور بااثر افراد کی ایل ڈی اے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی،ایل ڈی اے کے شعبہ اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو کے انسپکٹر کی جانب سے کئے جانے والے فیلڈ سروے اور مرتب کردہ رپورٹ نے مافیا میں تھرتھلی مچا دی،ڈی جی ایل ڈی اے نے فوری کارروائی کرنے کی ہدائت جاری کر دیں ،روزنامہ پاکستان کو ملنے والی معلومات کے مطابق ایل ڈی اے کی مصطفی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم میں پابندی کے باوجود تعمیرات کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا مقامی پراپرٹی ڈیلر ز اور لینڈ مافیا سے وابستہ افراد نے ایل ڈی اے قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پلاٹوں پر قبضے کرتے ہوئے بغیر این او سی اور نقشہ منظوری کے پلاٹوں پر پختہ تعمیرات کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔جن کا انکشاف ایل ڈی اے کی اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو کے انسپکٹر ملک ذوالفقار کی جانب سے کئے جانے والے فیلڈ سروے میں کیا گیا ہے جس میں 130 مقامات پر ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ مرتب کی گئی ہے رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ متعدد جگہ پر جو افراد تعمیرات کر رہے ہیں و ہ کسی بھی قسم کی ملکیت کا ثبوت دینے سے بھی قاصر ہیں جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ شہریوں کی جائیدادوں پر زبردستی قبضے کئے جارہیں ہیں ۔علاوہ ازیں بعض افراد نے جو ایل ڈی اے کے انسپکٹر کو کاغذات ملکیت پیش کئے ہیں وہ جعلی اور بوگس نکلے۔اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو برانچ کے انسپکٹر ملک ذوالفقار کی تفصیلی رپورٹ پر جہاں موقع پر پختہ تعمیرات کرنے والی مافیا میں کھلبلی مچ چکی ہے وہاں ڈی جی ایل ڈی اے نے بھی اس رپورٹ پر ایکشن لیتے ہوئے فوری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ۔

ذرائع نے مزید آگاہی دی ہے کہ قبل ازیں بھی ملک ذوالفقار انسپکٹر کی رپورٹس پر مصطفی ٹاؤن میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی اور آپریشن کرتے ہوئے پختہ تعمیرات کو مسمار کیا گیا تھا تاہم سیاسی پریشر اور ایل ڈی اے کے اندر موجود بعض سینئر افسران کی حکم عدولی پر مذکورہ انسپکٹر کو تبدیل کر دیا گیا ہے تاہم مذکورہ انسپکٹر کی تعیناتی کے بعد ایک بار پھر ایل ڈی اے کی جانب سے ایک بڑے آپریشن کے لئے کارروائی کا گرین سگنل دیا جا چکا ہے اور آئیندہ چند روز میں مصطفی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم میں بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں ؒ ٰٓٗلائی جائے گی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4