یو ای ٹی میں شعبہ سول انجینئرنگ کے زیر اہتمام 13روزہ بین الاقوامی ورکشاپ

یو ای ٹی میں شعبہ سول انجینئرنگ کے زیر اہتمام 13روزہ بین الاقوامی ورکشاپ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبرنگار)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی لاہور کے شعبہ سول انجینئرنگ کے زیر اہتمام 13روزہ بین الاقوامی ورکشاپ بعنوان ہائیڈرو میٹریولوجیکل معلومات اور سیلاب سے متعلق پیش گوئی کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔یہ ورکشاپ15 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔اس پروگرام کا بنیادی مقصد پاکستان اور افغانستان کے ماہرین برائے آبی موسم کو دونوں ممالک اور خطے کے باہمی مفادات کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔جس میں آبی موسم کے متعلق معلومات اکٹھاکرنا، اور اس سے حاصل شدہ معلومات اور تجاویز سے سیلاب سے متعلق پیش گوئی کے حوالے متعلقہ محکموں کے نظام کو زیادہ مؤثر بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔


ورکشاپ کی پہلی نشست میں مدعو ڈائریکٹر یونیسکو علاقائی سائنس بیورو ایشیاو پیسیفک پروفیسر ڈاکٹر شہباز خان نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب آنے کی سب سے بڑی وجہ گلوبل وارمنگ ہے جس سے گلیشیئرزپگھل کر پانی کی مقدار میں اضافہ کر رہے ہیں اور ہر سال سیلاب کی وجہ سے بے پناہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔اس لیے ضروری ہے کہ نظام کار، آلات، اور دیگر تربیتی پروگرام میں بہتری لائی جائے اور آبی موسمیاتی تبدیلی کو سنجیدگی سے لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ انجنیئرنگ یونیورسٹیوں کو سیلاب کی روک تھام کے حوالے سے مرتب کی جانیوالی حکمت عملی اور اقدامات میں لازمی طور پر اعتماد میں لیا جانا چاہیے تاکہ قابل عمل تکنیکی مہارتوں کو حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔اسی دوران وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے کہا کہ پاکستان کسی بھی طور پر معاشی لحاظ سے غیر مستحکم ہونے کا متحمل نہیں ہوسکتاہر سال سیلاب ملک کو مشکل میں ڈال دیتے ہیں اس کے سدباب کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو اس سے نجات دلائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کے نظام کو فعال کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور یہی نتیجہ خیز تعلیم کے نظریے کو فروغ دینے میں تقویت بھی پہنچاتا ہے۔اس موقع پر شعبہ سول انجنیئرنگ کے پروفیسر ڈاکٹر نور محمد خان نے شرکاء کو ورکشاپ ،اسکے اغراض و مقاصد اور یو ای ٹی لاہور کے سیلابی پیشگی اطلاع اور دیگر انتظامات میں کردار کے حوالے سے بریف کی۔واضح رہے کہ 12 مختلف اداروں کے نمائندوں کے سا تھ ساتھ یو ای ٹی لاہور کے طلباء بھی اس ورکشاپ سے مستفیذ ہوں گے۔امید کی جاتی ہے کہ اس پروگرام کی مدد سے تکنیکی اور پیشہ وارانہ افرادی قوت میں سیلاب سے متعلق پیشگی اطلاع اور آبی موسم کے بارے مزید تفصیل اور گہری نظر سے سمجھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا تاکہ وہ معلومات کا حصول، انکا تجزیہ، پائے جانیوالے سقم،رجحانات اور آبی موسم سے متعلق انفارمیشن اکٹھا کرنے کیلیے اسٹیشن کی مناسب جگہ کا تعین، دیگر ضروری معاملات اورمراحل کا بر وقت مشاہدہ کر سکیں گے۔آخر میں مہمان خصوصی ڈائریکٹر یونیسکو علاقائی سائنس بیورو ایشیاو پیسیفک پروفیسر ڈاکٹر شہباز خان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔