اورنج ٹرین،چوبرجی اور علی ٹاؤن کے درمیان سڑک کی تعمیر شروع کرنیکی ہدایت

اورنج ٹرین،چوبرجی اور علی ٹاؤن کے درمیان سڑک کی تعمیر شروع کرنیکی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اپنے خبر نگار سے ،جنرل رپورٹر) اورنج لائن سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر چوبرجی اور علی ٹاؤن کے درمیان سڑکوں کی تعمیر نو کا کام دونوں اطراف سے فوری طور پر شروع کر دیا جائے ‘ دیگر علا قوں میں نو تعمیر شدہ سڑکوں کے کنارے اور میڈین میں پودے لگائیں جائیں ‘ آئندہ ہفتے متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر تعمیراتی کام کے لئے کھودے گئے گڑھے مٹی سے دوبارہ بھرنے کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے اور اس مقصد کے لئے اضافی لیبر لگائی جائے ۔اہم چوراہوں پر ٹریفک سائن بورڈز نصب کئے جائیں ‘ منصوبے پر کام کرنے والے تمام کارکنوں سے سیفٹی سٹینڈرڈز کی سختی سے پابندی کروائی جائے اور صرف تربیت یافتہ لائسنس ہولڈر ڈرائیوروں سے ہی گاڑیاں چلانے کا کام لیا جائے ۔ وہ گزشتہ روزاورنج لائن میٹروڑرینپر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طور پر منصوبے کا 42فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا54 فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹاؤن تک پیکیج ٹو کا38فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا36فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا42فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے اور اسے شیڈول کے مطابق سال رواں کے آخر تک مکمل کرنے کے لئے تمام ذرائع اور وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔خواجہ احمد حسان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین کے دوران چینی حکام نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تعریف کی ہے جو اس منصوبے سے وابستہ تمام افراد کے لئے باعث فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پیکیج ون پر کام تسلی بخش طور پر جاری ہے۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نبیل جاوید‘ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن ‘ ایم ڈی واسا چودھری نصیر احمد‘اور نیسپاک‘ لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نک کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی،دریں اثناء خواجہ احمد حسان نے پیکج ٹو کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔