ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے گورنمنٹ سرونٹس بنیوولینٹ فنڈ بورڈ کے دفاتر کا دورہ کیا
لاہور(خبر نگار خصوصی)ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے الفلاح بلڈنگ چیئرنگ کراس مال روڈ لاہور میں واقع پنجاب گورنمنٹ سرونٹس بنیوولینٹ فنڈ بورڈ کے دفاتر کا دورہ کیا اور وہاں شادی گرانٹ ، تعلیمی گرانٹ ، کفن دفن گرانٹ اور سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے دیگر گرانٹس اور سکالر شپ کے حصول کے لئے الفلاح بلڈنگ میں آئے ہوئے سائلین سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر انہوں نے سائلین کی جانب سے بتائی گئی دشواریوں اور جائز شکایات کا فوری ازالہ کرنے کے سلسلے میں ضروری احکامات جاری کیے اور بڑی تعداد میں زیر التوا کیسز کو اپنی مو جودگی میں پا یہ ء تکمیل تک پہنچایا ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے سیکرٹری پنجاب بنیوولینٹ فنڈ بورڈ صاحبزادی وسیمہ عمر کو ہدایت کی کہ الفلاح بلڈنگ میں ویلفیئر کے حوالے سے رجوع کرنے والے سرکاری اہلکاروں کی راہنمائی کے لیے سٹیٹ آف دی آرٹ ریسپشن ایریا (انتظارگاہ) تعمیر کی جائے ۔