عوام نے شعبدہ بازی کی سیاست کو مسترد کردیا ہے،ولید اقبال
لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹیکل کمیٹی کے رکن ولید اقبال نے کہا ہے کہ عوام نے شعبدہ بازی کی سیاست کو مسترد کردیا ہے ، شہباز شریف کے دماغ پر میڑو ،پل اورسڑکوں کا بھوت سوار ہوچکا ہے ان کی توجہ صحت ،تعلیم ، امن وامان اور لوگوں کو روز گار فراہم کرنے پر نہیں ہے ، ہسپتالوں کے دورے کر کے اور ڈاکٹروں کو معطل کرنے سے اصل مسائل حل نہیں ہونگے لاہور سمیت پنجاب کے تمام اضلاع کے سرکاری ہسپتالوں میں لاکھوں مریض علاج معالجے کی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں اور ایک بستر پر 3,3 مریض لیٹنے پر مجبور ہیں جو پنجاب کی گڈگورننس کے دعوے داروں کے منہ پرطمانچہ ہے ۔ گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں ولید اقبال نے کہا کہ (ن)لیگ اور اس کے درباری اپنی نااہلیوں اور کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے سیاسی مخالفین کو بلاجواز تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں دوسروں کو انتشار اور احتجاج کی سیاست کا طعنہ دینے والوں کے دماغوں میں خود انتشار ہے اور یہ عوام کے مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں ان کی نالائقیوں کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکمرانوں کی پالیسیاں عوام دشمن ہوجائیں اور وہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے نا کر سکے تو اپوزیشن کا جمہوری اور آئینی حق ہے کہ وہ عوام کے حقوق کے لیے سڑکوں پر باہر نکلے اورحکمرانوں کو آئینہ دکھائے ، ینگ ڈاکٹرز، نرسز ، ایپکا ،واپڈا ملازمین ، کسان ، اساتذہ ، تاجر برداری اورعوام حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں۔