تحریک قصاص میں 25 سیاسی جماعتیں شریک ہونگی،عامرفرید کوریجہ

تحریک قصاص میں 25 سیاسی جماعتیں شریک ہونگی،عامرفرید کوریجہ

لاہور(خبر نگار خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن قومی المیے ہیں۔ ظلم اور کرپشن کے خاتمے کیلئے ذمہ داروں کا کیفر کردار تک پہنچنا ضروری ہے۔ تحریک قصاص میں 25 سیاسی جماعتیں شریک ہونگی۔ قومی مشاورتی کانفرنس کے اعلامیہ پر دستخط کرنے والی سب جماعتوں کو احتجاج میں مدعو کررہے ہیں۔ وہ گزشتہ روز یہاں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔آل شریف کی حکومت قائم رہی تو ایسے حالات پیدا ہوجائیں گے کہ جن کی اصلاح بھی ممکن نہ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں پاکستان عوامی تحریک نے جو دھرنا دیا اور اس کے کارکنوں نے حکومتی بربریت کا مقابلہ کرکے جس طرح پاکستان کی جنگ لڑی یہ آج اسی جدوجہد کا ثمر ہے کہ اپوزیشن کی25قومی سیاسی پارٹیوں نے حکومت پر عدم اعتماد کرتے ہوئے ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیل دیا ہے اور ان کی غیر سنجیدگی اور پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کے لوگ اس وقت انتہائی مشکلات کا شکار ہیں ۔ لوڈ شیڈنگ عروج پر ہے ، کسان اپنی فصلیں جلا رہے ہیں ، لاہور میں بچو ں اغوا ہورہے ہیں ، لوگ خود کشیوں اور خود سوزیوں پر مجبور ہیں ، غربت میں پسی ہوئی عوام کے پاس یوٹیلیٹی بلز ادا کرنے کی بھی حیثیت نہیں رہی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل دندناتے پھر رہے ہیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1