وزیر اعلیٰ کے دورہ چین کے دوران پچا س سے زائد معاہدوں پر دستخط ہوئے ،تہمینہ دولتانہ
لاہور( لیڈی رپورٹر ) سابق وفاقی وزیر و رکن قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ نے کہا ہے کہ چین نے وہاڑی انڈسٹریل سٹیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب شہبازشریف کے دورہ چین کے دوارن پچا س سے زائد معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ۔ شینزن چین کے ان شہروں میں شامل ہے جہاں چین کا پہلا انڈسٹریل و اکنامک زون بنایا گیا اور چینیوں نے وہاں جناتی انداز میں کام کرکے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔ اس وقت پاک چین دوستی کے نغمے صرف پاکستان میں ہی نہیں پوری دنیا میں گونج رہے ہیں اور یہ کہانی محض دوستی کی کہانی نہیں بلکہ یہ داستان دیانت، امانت اور شفافیت کی داستان ہے۔
انہو ں نے کہا کہ پنجاب میں منصوبوں کی بروقت اور بلاتعطل تکمیل کیلئے چین کے مالیاتی ادارے پاک چین تعاون کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کر رہے ہیں اور ہم لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کیلئے وسائل کی بروقت اور بلاتعطل فراہمی پر ایگزم بینک کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین میں ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے۔شہبازشریف کی انتھک محنت کی وجہ سے دنیا بھر میں پنجاب سپیڈ کا لفظ استعمال ہوتاہے پنجاب حکومت اور پاکستان کے عوام کیلئے ایک اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے اور ہم اس سپیڈ کو برقرار رکھیں گے۔ چین کی دوستی ہر پاکستانی کی متاع عزیز ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی تکمیل سے خطے میں تاریخ کا دھارا بدل جائے گا۔ سی پیک کے منصوبوں سے پاکستان سمیت خطے میں مختلف ممالک کی برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا اور اس عظیم منصوبے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور انتہاپسندی کے رجحان کا خاتمہ ہوگا۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان ’’ون چائنہ پالیسی‘‘ اور تبت کے مسئلے سمیت تمام علاقائی و بین الاقوامی امور پر چین کا ہمنوا رہا ہے۔ چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور چین ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پاکستان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلے گا