محمد علی جوہر ٹاؤن کے جی بلاک میں بارشوں کا پانی ،ڈینگی پھیلنے کا خدشہ
لاہور (اپنے خبر نگار سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سکیم محمد علی جوہر ٹاؤن کے جی بلا ک میں بارش کے بعدسڑکیں ندی بالوں کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں جبکہ یہ جگہ لاہور شہر کی مہنگی ترین جگہ ہے اس کے باوجودجی بلاک کے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔یہ جگہ جوہر ٹاؤن کی جی ون بلاک کی مارکیٹ کے سامنے ہے ،ڈاکٹر ہسپتال کے ساتھ ہی نہر سے اترنے والی مین بلیوارڈ روڈ (عبدالحق روڈ)کی بیک سائیڈ بطرف جی بلاک والی سڑک جس پر کم و بیش 80گھر بنے ہوئے ہیںیہاں ہر وقت چار سے پانچ فٹ پانی کھڑا رہتا ہے ،جس سے رہائشی پیدل چلنا تو در کنار موٹر سائیکل پر بھی نہیں جا سکتے ،رہائشیوں کا کہنا ہے کہ بارش کے بعدکتنے کتنے دن تک پانی کا کھڑا رہنا ایک معمول بن چکا ہے جی بلاک کی ویلفےئرسوسائٹی(سوچ) کے صدر اسلم رانا،حافظ رؤف ، ملک خاور رفیق،فیصل ریاض،چوہدری حمید،نعمان عظیم بٹ اور صابر وغیرہ نے روز نامہ پاکستان سے بات کرتے ہوئے کہا ،کہ ہم لوگ انتظامیہ سے کہہ کہہ کر تھک گئے ہیں مگر ان پر کوئی اثر نہیں ہوتا ،اگر ہم واسا کے دفتر جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہمارا سیوریج سسٹم ٹھیک ہے سڑک پلاٹوں سے بہت نیچے ہے اور پانی سیور میں نہیں جاتا ،آپ لوگ ڈسٹرکٹ سٹی گورنمنٹ کے دفتر جائیں اور ان سے سڑک کو اونچا کرکے بنانے کا کہیں اس کے بعد علامہ اقبال ٹاؤن کے افسروں سے کئی بار رابطے کئے مگر کچھ بھی نہ ہو سکا جس وجہ سے آج بھی،سڑک پر پانی اور گندگی کی ڈھیر پڑھے ہیں۔اس حوالے سے جب ڈسٹرکٹ سٹی گورنمنٹ کے روڈ سرکل کے انچارج انور جاویدسے بات کی گئی تو انہوں نے بتایاکہ ہمارے پاس وسائل بہت ہی کم ہیں ،جس کی وجہ سے اس کام میں دیر ہو رہی ہے ،انہوں نے روز نامہ پاکستان کو بتایا کہ سڑکوں کی منظوری ایڈمنسٹریٹردیتے ہیں میں نے متعلقہ فائل ان کو بھجوا رکھی ہے ،جیسے ہی منظوری ہو کر آتی ہے،فوری طور پر وہاں کام شروع کر دیا جائے گا ،جب ان کی توجہ وہاں کھڑے پانی اور گندگی کے ڈھیروں کی طرف دلائی گئی،کہ یہ تو آپ کا معمول کا کام ہے،اس کو اٹھوا دیں تو انہوں نے کہا کہ یہ کام تو میں آج ہی کروا دیتا ہوں۔