اچھی کرکٹ کھیلنے کیلئے اپنی صلاحیتوں پر یقین تھا : کرس ووکس
ایجسٹن(آن لائن)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر کرس ووکس نے کہا ہے کہ ہمیشہ سے یقین تھا کہ وہ اتنے باصلاحیت ہیں کہ اعلیٰ سطح کی کرکٹ کھیل سکیں۔27 سالہ ووکس نے پاکستان کے خلاف سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں 18 وکٹیں حاصل کی ہیں اور اس میں بہترین لارڈز میں پاکستان کے خلاف 102 رن دے کر 11 جبکہ اولڈ ٹریفرڈ دوسرے ٹیسٹ میچ میں 108 رنز دے کر 7 وکٹیں ہیں۔ووکس نے پاکستان کے خلاف اولڈ ٹریفرڈ میں دوسرے ٹیسٹ میچ میں سات وکٹوں کے علاوہ 58 رنز بنائے تھے۔ووکس کے مطابق’ جب بھی آپ اعلیٰ سطح پر کھیلتے ہیں تو آپ کو کچھ زیادہ پرکھا جاتا ہے۔ یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ لوگوں کو میرے پر کچھ شبہات تھے۔انھوں نے کہا کہ’مجھے ہمیشہ سے یقین رہا ہے کہ میں بہترین ہوں اور معاملہ صرف اتنا ہے کہ اس خود اعتمادی کو باہر نکال کر ٹیم کی جانب سے کھیلتے ہوئے دیکھانا ہے اور یہ وہ کر رہے ہیں۔‘پاکستان کے ساتھ چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے لارڈز کے میدان میں 75 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم اولڈ ٹریفرڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں اسے انگلینڈ کے ہاتھوں 330 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔