آرمی چیف سکواش ٹورنامنٹ، 10 ممالک کی شرکت کی تصدیق
اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آئندہ ماہ شروع ہونے والے چیف آف آرمی سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں مزید 10 ممالک کے کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے۔اس طرح ایونٹ میں مجموعی طور پر 18 ممالک کے 27 غیر ملکی کھلاڑی شرکت کریں گے۔ مصر کے عمر عبدالمعیدانٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ ہوں گے۔ ایونٹ کے مین راؤنڈ میں 12 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے جس میں 9 غیر ملکی اور تین پاکستانی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے بدھ کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ چیف آف آرمی سٹاف انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلا جائے گا جس میں انگلینڈ، سکاٹ لینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریا، آسٹریلیا، مصر، اردن ‘ آئر لینڈ‘جرمنی ‘ ہانگ کانگ ‘ ملائیشیا‘ ڈنمارک ‘ ویلز‘ سپین ‘ فرانس ‘ سوئٹزرلینڈ‘ امریکا ‘ قطر اور کویت کے 27 کھلاڑیوں نے شرکت کی باضابطہ طور پر تصدیق کر دی ہے۔ ایونٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی انٹری کی آخری تاریخ 2 اگست مقرر تھی اور 3 اگست تک وہ اپنے نام لسٹ سے نکلوا سکتے ہیں۔ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں مصر کے عمر عبدالمعید کو ٹاپ سیڈ رکھا گیا ہے کیونکہ وہ عالمی رینکنگ میں 28 ویں نمبر پر ہیں۔ ٹورنامنٹ میں 12 کھلاڑیوں کو مین راؤنڈ میں رکھا گیا ہے جس میں 9 غیر ملکی اور تین پاکستانی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ایونٹ میں 5 پاکستانی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے جس میں فرحان زمان اور طیب اسلم کو مین راؤنڈ میں رکھا گیا ہے جبکہ بلال ذاکر کو وائلڈ کارڈ کے ذریعے مین راؤنڈ میں رکھا گیا ہے اور باقی دوکھلاڑیوں کوالیفائنگ راؤنڈ سے گزرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن نے رواں سال اسلام آباد میں ہونے والے 4 انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں، چاروں ایونٹس ستمبر سے دسمبر تک مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان کے نامور کھلاڑیوں سمیت غیر ملکی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے رواں سال پاکستان کو 25,25 ہزار ڈالر کے چار بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔ پی ایس اے کے چاروں ایونٹس ستمبر سے دسمبر تک مرحلہ وار رکھے گئے ہیں جس کا پہلا ایونٹ 27 ستمبر سے شروع ہو گا جبکہ دوسرا پی ایس اے کا ایونٹ اکتوبر، تیسرا نومبر جبکہ چوتھا پی ایس اے کا ٹورنامنٹ دسمبر میں پاکستان میں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن نے پہلے ایونٹ کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ عامر نواز نے کہا کہ اس سے قبل پی ایس اے نے پاکستان کو 25,25ہزار ڈالر کے دو ایونٹس کی میزبانی دی تھی جبکہ ان ایونٹس کی کامیابی سے انعقاد کے بعد پی ایس اے نے رواں سال پاکستان کو چار بین الاقوامی سکواش ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن 50ہزار ڈالر ایونٹ کی میزبانی کیلئے کوشش کررہا ہے۔ امید ہے کہ 50ہزار ڈالر پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی آئندہ سال پاکستان کو مل جائے گی۔