انسداد دہشتگردی کیلئے پاکستان ،چین ،افغانستان اور تاجکستان پر مشتمل 4ملکی اتحاد قائم ،فوجی تعاون پر اتفاق

ارومچی(مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشت گردی کیلئے چار ملکی اتحاد کا قیام ،دہشتگردی کے حوالے سے چارملکی فوجی تعاون گروپ کے پہلے اجلاس میں باہمی فوجی تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کی مطا بق دہشتگردی کے حوالے سے چارملکی فوجی تعاون گروپ کاافتتاحی اجلاس چین کے شہر ارومچی میں ہوا،جس میں پاکستان،چین،افغانستان اور تاجکستان کی عسکری قیادت نے شرکت کی۔ پاکستان کی طرف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نمائندگی کی، افتتاحی اجلاس میں چاروں ممالک کے مابین باہمی فوجی تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے،اس گروپ میں پاکستان،چین،افغانستان اور تاجکستان شامل ہیں،اجلاس کے بعد جاری ہونیوالے اعلامیے کے مطابق چاروں ممالک کے مابین مشترکہ فوجی مشقیں کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فورم کسی بھی ملک کیخلاف نہیں ہے۔دہشتگردی اور انتہا پسندی علاقائی سلامتی اور امن کیلئے خطرہ ہے،اقوام متحدہ کے چارٹر ڈکے مطابق گروپ کے تمام فریق اقدامات اٹھائیں گے،چار فریقی کوآرڈینیشن کیلئے رابطے قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا،چاروں ممالک ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرینگے،رکن ممالک ایک دوسرے کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بھی کرینگے،رکن ممالک دہشتگردی کیخلاف استعداد کار بڑھانے کیلئے مشترکہ فوجی مشقیں کرینگے۔