مسعود خان کی بطور صدرتعیناتی پرکشمیری رہنماؤں اور عوام کا خیر مقدم

مسعود خان کی بطور صدرتعیناتی پرکشمیری رہنماؤں اور عوام کا خیر مقدم

مظفر آباد( اے این این ) معروف سفارتکار و دفترخارجہ کے سابق ترجمان ممتاز کشمیری شخصیت مسعود خان کو صدر ریاست نامزد کرنے کی وزیراعظم پاکستا ن نے منظوری دیدی ، کشمیری رہنماؤں ، سیاسی جماعتوں اورکشمیری عوام کا زبردست خیر مقدم، صدر ریاست نامزدگی کے فیصلے کو مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ وادی میں بھارتی جارحیت کیخلاف خصوصی کاوش قرار دیدیا۔ وزیراعظم پاکستان کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کشمیری سیاسی جماعتوں اور کشمیری عوام نے خوب سراہا۔ اے این این سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدارتی مشیرساجد حسین، میجر(ر) عبدالحفیظ چوہدری ، نو منتخب ممبر اسمبلی چوہدری شہزاد محمود نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی تجویز پر مسعود خان کو نامزد کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ انتہائی دانشمندانہ ہے۔ مسعود خان صدر ریاست کے عہدہ کیلئے انتہائی موذوں اور قابل شخصیت ہیں انکی مسئلہ کشمیر پر مکمل دسترس ہے ۔ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے معاون ثابت ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ صدر ریاست آزاد کشمیر کا سب سے بڑا آئینی عہدہ ہے ۔ حکومت آزاد کشمیرمسعود خان کے تجربے اور اہلیت ، قابلیت سے استفادہ حاصل کریگی۔ کشمیری عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں قابل شخص کی خدمات حاصل ہوئی ہیں ۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے اور عالمی دنیا کی توجہ دلانے اور بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کرنے کیلئے وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

مزید : صفحہ اول