وزیر اعظم نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی حالت زار کا نوٹس لے لیا ،بڑا مسئلہ تنخواہیں نہ ملنا ہے :منظور الحق

وزیر اعظم نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی حالت زار کا نوٹس لے لیا ،بڑا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد،جدہ(آئی این پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر برائے انسانی وسائل کو ہدایت کی ہے کہ سعودی عرب جا کر پاکستانیوں کے مسائل کا جائزہ لیں اور اس کا حل نکالا جائے ۔ بدھ کو وزیراعظم نوازشریف نے سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی حالت زار کا نوٹس لے لیا اور انہوں نے وزیر برائے انسانی وسائل کو فوری طور پر سعودی عرب جانے کی ہدایت کر دی ۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزیر سعودی عرب میں محصور پاکستانیوں کے ریلیف کے لئے مضبوط اقدامات کریں ۔ وزارت مسئلہ حل ہونے تک سعودی عرب میں پاکستانی مشن سے رابطہ رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کے لئے وسائل فراہم کرے ۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ہم پاکستانی بھائیوں کے مسائل کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے ۔انہوں نے وزارت خارجہ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کر دی ۔سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر منظور الحق نے کہا ہے کہ دمام میں پھنسے پاکستانیوں کا بڑا مسئلہ تنخواہیں نہ ملنا ہے ، سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو خوراک اور نقدی پیسے پہنچا رہے ہیں ۔ بدھ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر منظور الحق نے کہا کہ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو تنخواہیں نہیں دی جا رہی پاکستانیوں کا سب سے بڑا مسئلہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے پیدا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو ہم خوراک پہنچا رہے ہیں اور مسائل میں گرے پاکستانیوں کو اب نقد رقم بھی دے رہے ہیں تاکہ وہ اپنے مسائل خود بھی حل کر سکیں ۔ منظور الحق نے کہا کہ کھانے کا مسئلہ پچھلے کچھ دن سے تھا جو ہم نے پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے حل کیا اور آگے بھی ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے مسائل جہاں تک ممکن ہو سکا حل کرینگے ۔

مزید :

صفحہ اول -