جنوبی افریقہ میں بلدیاتی الیکشن کیلئے ووٹ ڈالے گئے، نتائج کا اعلان کیا جائیگا

جنوبی افریقہ میں بلدیاتی الیکشن کیلئے ووٹ ڈالے گئے، نتائج کا اعلان کیا ...

  

جوہانسبرگ(بیورورپورٹ)جنوبی افریقہ میں بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں ووٹ ڈالے گئے،نتائج کا اعلان آج کیا جائے گا۔الیکشن کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل تھی،دو اہم پارٹیوں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ کی توقع کی جا رہی ہے،افریقن نیشنل کانگریس (اے این سی)اورڈیمو کریٹک الائنس (ڈی اے) شامل ہیں،صدر جیکب زوما نے اپنی تین بیویوں اور بیٹی کے ہمراہ اپنا ووٹ نکلڈاکے پرائمری سکول میں کاسٹ کیا،اس دورا ن101سالہ معمر خاتون سے بھی صدر نے ملاقات کی جو ووٹ کاسٹ کرنے آئی تھی،صدر زوما نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ ایک معمر خاتون بھی ووٹ کاسٹ کرنے آئی ہے،الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی بھی جگہ سے دھاندلی کی شکایت نہیں ملی اور ووٹ ڈالنے کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے،ہم نے شفاف الیکشن کروانے کے لئے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔پریٹوریا میں ایک ووٹر نے روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کافی عرصہ سے بیروز گار ہوں، سیاسی جماعتیں ووٹ مانگنے تو آ جاتی ہیں لیکن نوکری ہمیں کون دے گا میرے بچے گھر میں بھوکے بیٹھے ہیں ان کے بارے میں بھی گورنمنٹ کو سوچنا ہو گا،ہم کب تک ان کی طرف دیکھیں گے،یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کے 9 صوبوں میں بلدیاتی الیکشن ہر پانچ سال بعد ہوتے ہیں،پچھلے الیکشن2011میں ہوئے تھے۔

مزید :

عالمی منظر -