پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے عہدیداروں کے انتخابات خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوں گے،لاہور ہائیکورٹ نے درخواستیں نمٹا دیں

پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے عہدیداروں کے انتخابات خفیہ رائے شماری کے ذریعے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی )پنجاب میں بلدیاتی اداروں کے عہدیداروں کے انتخابات خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوں گے،پنجاب حکومت کے اس بیان کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے شوآف ہینڈ کے ذریعے ان انتخابات کے خلاف تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی جانب سے دائر درخواستیں نمٹا دیں۔درخواست گزاروں کے وکیل مبین قاضی نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ضلعی کونسلوں کی تشکیل کے لئے خفیہ رائے شماری کراناآئین کا تقاضا ہے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ حکومت پنجاب نے اپنے من پسند امیدواروں کو جتوانے کے لئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں شو آف ہینڈ کی ترمیم کردی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت کسی آزاد امیدوار کو کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے لئے مجبور نہیں کیا جاسکتا۔انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد قوانین میں ردو بدل نہیں کیا جا سکتا۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد قوانین میں کی جانی والی تمام ترامیم سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں واپس لے لی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آرڈیننس جاری ہونے کے بعد اب لارڈ مئیر،مئیرز،ضلع کونسلوں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کے انتخابات شو آف ہینڈ کی بجائے خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوں گے جس پر عدالت نے یہ درخواستیں ثمر آورقرار دے کر نمٹا دیں۔

مزید :

صفحہ آخر -