وفاق کو رینجرز سے متعلق کوئی سمری نہیں بھیجی ہے :وزیر اعلٰی سندھ

وفاق کو رینجرز سے متعلق کوئی سمری نہیں بھیجی ہے :وزیر اعلٰی سندھ

سیہون(خصوصی نامہ نگار) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو رینجرز کے ایک سال کے قیام کے لئے خط بھیجا ہے تاہم رینجرز سے متعلق کوئی سمری نہ بھیجی ہے اور نہ بھیجی جاتی ہے۔بدھ کو سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں رینجرز اور پولیس کی کوششوں سے امن و امان قائم ہوا ہے ، رینجرزکے معاملے کو ایشو بنانیکی ضرورت نہیں۔10 سے 12 دن کی تاخیر تو ہو ہی جاتی ہے تاہم رینجرز سے متعلق وفاق کو کوئی سمری نہیں بھیجی کیوں اس معاملے پر سمری بھیجی ہی نہیں جاتی۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات سے متعلق وفاق کو خط لکھا ہے جس کا اب تک کوئی جواب نہیں ملا، وفاق کی جانب سے رینجرز کو ملزم کو 90 روز تک حراست میں رکھنے کا اختیار انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن ڈبل ای ڈبل ای کے تحت دیا گیا جب کہ اختیارات کی مدت 15 جون کو ختم ہوچکی ہے۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ رینجرز فورس نے امن و امان میں ہماری بڑی مدد کی، ہم رینجرز کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار کی جانب سے سندھ بھر میں رینجرز کو اختیارات دینے کے اصرار سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے علم نہیں کہ رینجرز کی کارروائیوں سے متعلق چوہدری نثار نے کیا کہا لیکن جب بات ہوگی تب جواب دوں گا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل ہو یا کوئی اور فورم ،سندھ کا معاملہ ہرجگہ رکھیں گے، سندھ کے حقوق کے لئے ہمارا سخت موقف ہوگا ، سندھ کے حقوق سے متعلق معاملہ ہر فورم پراٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے پچھلے گڑے مردے کھودنے کی بجائے آگے کی طرف دیکھا جائے۔

مزید : کراچی صفحہ اول