عدالت نے وزارت آئی ٹی کو ٹیلی کام فاؤنڈیشن میں مداخلت سے روک دیا
راولپنڈی(نیوز رپورٹر) سول جج سلیم اقبال نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام کو ٹیلی کام فاؤنڈیشن میں مداخلت سے روکنے کا حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے 19ستمبر کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایڈیشنل سیکرٹری کو عدالت میں طلب کر لیا،تفصیلات کے مطابق مولوی ذیشان الحق ایڈووکیٹ کے ذریعے محمد صفدر جنجوعہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان ٹیلی کمونیکیشن فاؤنڈیشن ایک فلاحی ادارہ ہے اور یہ پی ٹی سی ایل،پی ٹی اے ٹیلی کام ،این ٹی سی کے ملازمین کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے بنایا گیا تھا اس ادارے کا اپنا بورڈ آف ڈائریکٹرز پر مشتمل مینجمنٹ ہے لیکن وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اعلیٰ حکام ٹیلی کام فاؤنڈیشن کے اثاثوں پر قبضے کا پلان بنا رہے ہیں اور یہ اپنی مرضی کا ایم ڈی لگا کر اس ادارے کی ساکھ تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،ٹیلی کام فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ملک بھر میں تعلیمی ادارے،فنی تعلیمی ادارے کام کر رہے ہیں اور ملازمین کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر رہے ہیں،سول جج سلیم اقبال نے ذیشان الحق کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ٹیلی کام فاؤنڈیشن کے معاملات میں مداخلت سے روکنے کا حکم جاری کیا ہے اور آئندہ پیشی پر عدالت میں طلب کر لیا ہے۔