دیانتدار اور با صلاحیت قیادت کی بدولت پاکستان دنیا کی بڑی طاقت بن سکتا ہے :عنایت اللہ

دیانتدار اور با صلاحیت قیادت کی بدولت پاکستان دنیا کی بڑی طاقت بن سکتا ہے ...

  

پشاور( پاکستان نیوز)صوبہ خیبر پختونخوا کے سنےئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اﷲ نے کہا ہے کہ اگر وسائل سے مالامال ملک کو دیانتدار اور باصلاحیت قیادت میسر آجا ئے تو چند سالوں میں پاکستان دنیا کی بڑی طاقت بن سکتا ہے جو معاشی ،جمہوری اور دفاعی لحاظ سے ترقیافتہ ملک ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ہیلپنگ ہینڈ کے زیر انتظام ایک بڑے انٹرنیشنل یوتھ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پربڑی تعداد میں نوجوانوں کے علاوہ چےئرمین ہیلپنگ ہینڈ محسن انصاری،کنٹری ڈائریکٹرفضل رحمن، ایم این اے عائشہ سید اوردیگر سکالرز اور سنےئر صحافی بھی موجود تھے۔عنایت اﷲ نے کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کی 25ویں بڑی معاشی طاقت ہے اس کے علاوہ ملک میں تیل ،گیس ،کوئلہ، اور سونے کے لامحدود ذخائر کے ساتھ ساتھ 50ہزار میگا واٹ پن بجلی پیداکرنے کی صلاحیت موجود ہے جبکہ 12کروڑ نوجوانوں کی ایک کھیپ بہت بڑی طاقت ہے جس کو صحیح طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور عدم تشدد کا درس دیتا ہے جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں اور نبی کریم ﷺاور خلفاء راشدین کے ادوار میں مثالی امن ، برداشت اور عدم تشدد کا دور دورہ تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ان ادوار میں حالت جنگ میں بھی کسی کو تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔وزیر بلدیات نے کہا کہ بعض اسلام دشمن عناصر اسلام کو تشدد کے مذہب کے طور پر پیش کرکے اس کا حقیقی چہرہ مسخ کرنا چاہتے ہیں لیکن اسلام پسند نوجوان ان عناصر کے اس منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے کوششیں اور منصوبہ بندی کریں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوانے بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پرکرکے صوبے سے سفارش کلچر کی حوصلہ شکنی کی ہے اور چند برسوں میں صوبے سے سفارش کلچر کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -