مراکش کے شاہ محمد ششم کی تخت نشینی کی 17 ویں سالگرہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ نے گزشتہ روز مراکش کے بادشاہ محمد ششم کی تخت نشینی کی 17 ویں سالگرہ کے موقع پر مقامی ہوٹل میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب میں شرکت کیلئے مراکش سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد خلاقی اسلام آباد سے خصوصی طور پر کراچی تشریف لائے جبکہ تقریب میں صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، نیب سندھ کے سربراہ کرنل (ر) سراج الدین، کمانڈر نیوی ریئر ایڈمرل وسیم اکرم، سابق صوبائی وزیر ناصر علی شاہ، شرمیلا فاروقی، FPCCI کے سینئر نائب صدر خالد تواب، کراچی چیمبرز کے صدر یونس بشیر، امریکہ، جرمنی، چین، جاپان، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، سعودی عرب، قطر، بنگلہ دیش، روس کے قونصل جنرلز، سیاستدانوں، بزنس لیڈروں، مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، میڈیا کے نمائندوں اور کراچی میں مقیم مراکش کے باشندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سالگرہ کی مناسبت سے ہوٹل کے ہال کو مراکش کے بادشاہ محمد ششم کی تصاویروں اور دونوں ممالک کے قومی پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز مراکش اور پاکستان کے قومی ترانوں سے کیا گیا جس کے بعد مراکش اور پاکستان کے پرچم کی طرز پر بنا کیک مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبائی وزراء، مراکش سفارتخانے کے محمد خلاقی، اشتیاق بیگ اور مختلف ممالک کے سفارتکاروں کے ہمراہ مل کر کاٹا۔