کراچی ،نالے پر بنی عمارت منہدم ہونے سے 4افراد زخمی

کراچی ،نالے پر بنی عمارت منہدم ہونے سے 4افراد زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر ) صدر کے علاقے عبداللہ ہارون روڈ پر نالے پر بنی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہونے سے 4 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ۔عمارت کا ایک حصہ نالے میں گیس بھر جانے کے باعث دھماکے کے ذریعے گرا ،جس سے پورے روڈ کو نقصان پہنچا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح پریڈی تھانے کی حدود عبد اللہ ہارون روڈ موبائل مارکیٹ کے قریب زور دار دھماکے کے باعث عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا ،دھماکے کی آواز سے پورے علاقے میں خوف؂ و ہراس پھیل گیا ۔اور دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی عمارت کا ایک حصہ گرنے کے بعد پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور ملبے میں دبے 4 افراد کو نکال کر جناح اسپتال منتقل کردیا ۔جبکہ عمارت گرنے سے ایک گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا ۔مذکورہ عمارت نالے کے اوپر بنی ہو ئی تھی نالے میں گیس بھر جانے کی وجہ سے زور درار دھماکہ ہو ا اور دھماکے کے بعد عمارت کا ایک حصہ گر گیا اور پوری گلی کا روڈ بھی اکھڑ گیا واقعے کے بعد پولیس نے بھاری مشینری بھی طلب کرلی جس نے ملبہ ہٹاکر روڈ کو عام ٹریفک کے لئے کھول دیا ہے ۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 4 ہے اور زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے 2 زخمیوں کو طبی امداد کے بعد گھر روانہ کردیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ عمارت میں موبائل کی دکانیں تھیں۔