بچھڑوں کوپیاروں سے ملانا سیاست نہیں عبادت ہے ،محمدرضا
لندن (این این آئی) پاک سرزمین پارٹی لندن کے چیف آرگنائزر محمدرضا نے کہا ہے کہ بچھڑوں کوتلاش کرنااوران کے پیاروں سے ملانا سیاست نہیں عبادت ہے۔مصطفی کمال کی ذاتی دلچسپی اورجہدمسلسل کے نتیجہ میں 125افراد کی بحفاظت بازیابی بہت بڑاکارثواب جبکہ مصطفی کمال کایہ باکمال اقدام ان کی ہم عصرسیاسی قیادت کیلئے مشعل راہ ہے ۔ہمارے قائدین مصطفی کمال ،رئیس قائم خانی اوررضاہارون عوام اورجمہوری قوتوں کوآپس میں جوڑنے والے ہیں ۔ پاک سرزمین پارٹی کی قیادت ریاست کی سا لمیت ،قومی مفادات کی حفاظت جبکہ پاکستانیوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے کیلئے معرض وجود میں آئی ہے ۔وہ گذشتہ روزاپنی صدارت میں ہونیوالے ایک اہم اور اعلیٰ سطحی تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔اجلاس میں گمشدہ افرادکی بازیابی کیلئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کی قابل قدرکمٹمنٹ ، ذاتی دلچسپی اورمنظم کوشش کوزبردست الفاظ میں سراہا گیا ۔مختلف مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مصطفی کمال کی کاوش کے نتیجہ میں بلاشبہ 125افراد کی بحفاظت بازیابی بہت بڑی کامیابی ہے ۔اجلاس میں آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر چودھری محمدالطاف شاہد ،چودھری پرویزاختر ،نعیم عباس ،ڈاکٹرسرورخان ،غلام نبی ،جاوید حسین ،امیر فیصل اعوان ،مرزافیصل محمود،فرحان راجہ شریک ہوئے ۔اجلاس میں برطانیہ کے شہربرمنگھم میں یوم آزاد ی کاجشن بھرپور جوش وجذبہ کے ساتھ منانے کے حوالے سے کمیٹی ارکان سے مشاورت کے بعد اہم انتظامی امور کوحتمی شکل دی گئی ۔اجلاس میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ امسال جشن آزادی منفرد اورموثرانداز سے منایا جائے گا۔چیف آرگنائزرمحمدرضا نے مزید کہا کہ برطانیہ میں پاک سرزمین پارٹی کی تنظیم سازی بڑی تیزی سے جاری ہے ،برطانیہ کے ساتھ ساتھ یورپ بھر سے اوورسیزپاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ہمارے ساتھ رابطے میں ہے ،انشاء اللہ یورپی ملکوں میں بھی عنقریب پاک سرزمین پارٹی کی تنظیم سازی شروع کردی جائے گی ۔