سکواش کورٹ پر تعمیراتی کام جلد ازجلد شروع کرنے کی ہدایت
پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ،ثقافت، میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان نے متعلقہ حکام سے کہا ہے کہ وہ سکواش کورٹ پشاور سمیت محکمے کے زیر اہتمام جاری اور نئی منصوبوں پر تعمیراتی کام کی رفتار تیز کرکے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی تاخیری حربے یا حائل رکاؤٹوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سکواش کورٹ اور دیگر سپورٹس منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اعلی سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جبکہ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس طارق خان،ایڈیشنل سیکرٹری قانون داؤد خان، ڈپٹی سیکرٹری عادل خان صافی،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا ا، سابق اولمپک سکواش چمپئن قمرزمان ا ور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔اجلاس میں صوبے میں محکمہ سپورٹس کے زیر اہتمام جاری اور نئی منصوبوں پر کام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر کوبتایا گیا کہ 10کروڑ روپے کی لاگت سے پشاور میں سکواش کورٹ پر جلد تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا۔اس سلسلے میں تمام تر قانونی کاروائی مکمل کی گئی ہے۔صوبائی وزیر نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ صوبائی حکومت پارٹی سربراہ عمران خان کی وژن کے مطابق صوبے میں نوجوانوں کواعلی اور معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ جسمانی نشو نما کے لئے کھیل کود کے زیادہ سے زیادہ بہتر مواقع فراہم کرنے کے لئے بھی کوشاں ہے