چوہدری نثار نے سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں کشمیریوں کی آوازبلند کردی ،آزادی کی جدوجہداور دہشتگردی میں فرق ، معصوم بچوں اور شہریوں پر تشدد دہشتگردی ہے: وزیر داخلہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھارتی ہم منصب کی تمام منصوبہ بندی اور امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کردی اور بھارتی مظالم کو دہشتگردی قرار دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سارک وزرائے داخلہ کانفرنس کے دوران چوہدری نثار علی خان کو لکھی ہوئی تقریر دی گئی لیکن بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں کا ذکر کرنے پر انہوں نے لکھی گئی تقریر ایک سائیڈ پر رکھ دی اور زبانی تقریر شروع کردی۔
چوہدری نثار علی خان نے کشمیر کا نام لیے بغیر اپنے خطاب میں بھارتی مظالم کو دہشتگردی قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی کی جدوجہداور دہشت گردی میں فرق ہے ۔ معصوم بچوں اور شہریوں پر تشدد دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے۔ پٹھانکوٹ، کابل، ممبئی اور ڈھاکہ دھماکوں کی طرح پاکستان بھی دہشتگردی کا شکار ہے۔ آرمی پبلک سکول، چارسدہ دھماکے اور اقبال پارک لاہور کے واقعات پوری دنیا کے سامنے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 6 دہائیوں میں الزامات کی روش نے کسی کو کچھ فائدہ نہیں دیا، اب وقت آگیا ہے کہ الزام برائے الزام کے بجائے با مقصد مذاکرات کیے جائیں۔