پسند کی شادی کے خواہش مند نوجوان لڑکے اور لڑکی نے مبینہ طورخودکشی کرلی، لاشیں کار کی ڈگی سے برآمد

سرگودھا (مانیٹرنگ ڈیسک)سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے ڈی بلاک میں پسند کی شادی کے خواہش مند نوجوان لڑکے اور لڑکی نے مبینہ طورخودکشی کرلی۔ لاشیں لڑکے کے گھر کے گیراج میں موجود کار کی ڈگی سے ملیں۔ ،دونوں یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔
پولیس کے مطابق 23 سالہ طالبہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں زیر تعلیم تھی اور وہ گھر والوں کو اپنی سہیلی سے ملاقات کا کہہ کر نکلی اور جب وہ دیرتک واپس نہ آئی تو اہل خانہ کو شدید تشویش ہوئی اور اسے تلاش کرنا شروع کردیا۔ دوران تلاش لڑکی سیٹلائٹ بلاک ڈی میں واقعہ ایک طالبعلم کے گھر کے گیراج میں موجود کار میں مردہ پائی گئی جبکہ لڑکے کی حالت بھی تشویشناک تھی جسے ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ بھی دوران علاج چل بسا۔
تفتیشی افسر سب انسپکٹرامان اللہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مبینہ خود کشی کرنے والے دونوں آپس میں شادی کے خواہش مند تھے ۔ جب انہیں علاج کیلئے ہسپتال لایا گیا تو دیکھا گیا کہ ان دونوںکے منہ سے جھاگ نکل رہے تھے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ابتدائی پوسٹمارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ زہرخورانی سامنے آئی ہے۔