حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی مد میں 488 ارب روپے کمالیے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 17 فیصد تک کمی کے باجودآمدن میں کمی نہ ہوئی اور وفاقی حکومت نے ایک سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر سیلز ٹیکس کی مد میں 488 ارب روپے کمالیے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق حکومت کی جانب سے گزشتہ مالی سال کے دوران سیلزٹیکس کی مد میں 1300 ارب روپے حاصل کئے گئے جس میں سے 37 فیصد حصہ پٹرولیم مصنوعات سے حاصل کیا گیا۔
مالی سال 16-2015 کے دوران پٹرول کی قیمت میں 12 فیصد کمی ہوئی اور یہ 64 روپے 27 پیسے فی لٹر ہوگیا جبکہ ڈیزل کی قیمت 17 فیصد گراوٹ سے 72 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہوگئی مگر سیلز ٹیکس میں کوئی کمی نہیں کی گئی جس کے سبب حکومت کی سیلز ٹیکس کی مد میں ہونے والی آمدن میں 20 فیصد تک کا اضافہ نوٹ کیا گیا۔