سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد کا سلسلہ شروع ، پاکستان سے پہلی پرواز 320 حجاج کو لے کر مدینہ منورہ پہنچ گئی

سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد کا سلسلہ شروع ، پاکستان سے پہلی پرواز 320 حجاج ...
سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد کا سلسلہ شروع ، پاکستان سے پہلی پرواز 320 حجاج کو لے کر مدینہ منورہ پہنچ گئی

  

مدینہ منورہ (محمد اکرم اسد) سعودی عرب میں عازمین حج کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ پاکستان کی پہلی حج پروز جمعرات کی صبح مدینہ منورہ کے ہوائی اڈے پر پہنچی۔ نجی ائیرلائن کی پرواز 320 حجاج کو کراچی سے لے کر یہاں پہنچی، جہاں پاکستانی حج مشن کے اراکین ڈائریکٹر جنرل حج ساجد یوسفانی اور حج مشن کے دوسرے افسران نے ان عازمین حج کا استقبال کیا اور انہیں پھول پیش کئے۔

ڈائریکٹر جنرل حج نے عازمین صحت اور سفر کے بارے میں عازمین سے معلومات لیں۔ اس موقع پر ساجد یوسفانی نے عازمین سے کہا کہ وہ اپنا زیادہ وقت عبادت الہٰی میں گزاریں اور اس وقت غنیمت جانیں اور کوئی لمحہ بھی یاد الہٰی سے غافل نہ رہیں۔ اللہ تعالیٰ نے یہ آپ سب کو ایک بڑی سعادت بخشی ہے ۔ بعدازاں حجاج کو مدینہ منورہ میں حج مشن کی طرف سے حاصل کردہ بلڈنگوں میں پہنچادیا گیا۔

یہاں یہ بھی بتانا ضروری ہے کہ سعودی حکومت نے امسال بھی بڑے وسیع پیمانے پر حج انتظامات کئے ہیں اور حرمین شریفین کے اندر جو عارضی بل تعمیر کیا گیا تھا وہ بھی ہٹادیا گیا ہے جس سے طواف اور عبادت کے لئے بہت وسیع و عریض حصہ ہوگیا ہے جہاں عازمین حج آرام و راحت سے اپنی عبادت کرسکیں گے۔ ڈائریکٹر جنرل کے مطابق تمام عازمین خوش و خرم اور صحت مند دکھائی دے رہے تھے کیونکہ ان کی آمد ایسی جگہ ہوئی تھی جہاں پہنچنے کا ان کے لئے ایک خواب تھا جو اللہ تعالیٰ نے پورا کیا۔

مزید :

عرب دنیا -